قومی خبریں

گیا ایئرپورٹ پر 4 غیر ملکی مسافر کرونا سے متاثر پائے گئے

ان میں انگلینڈ کے تین اور میانمار کا ایک مسافر شامل ہے۔

گیا؍پٹنہ ، 26 دسمبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) ملک میں ایک بار پھر کورونا کا بحران سر اٹھانے لگا ہے۔ چین میں تباہی مچانے والے کورونا کے نئے ویری ینٹ کی وجہ سے پوری دنیا خوف و ہراس میں ہے۔ اس دوران بہار کے گیا ایئرپورٹ پر چار غیر ملکی مسافر کورونا سے متاثر پائے گئے ہیں۔ ان میں انگلینڈ کے تین اور میانمار کا ایک مسافر شامل ہے۔ ان مسافروں کے انفیکشن کے بارے میں جاننے کے لیے آر ٹی پی سی آر ٹیسٹ کیا گیا ہے۔بہار کے گیا میں کووڈ کا پتہ لگنا اس لئے زیر بحث ہے کیونکہ یہاں دو روزہ بودھ سیمینار ہونے جا رہا ہے۔ اس میں دلائی لامہ بھی شرکت کرنے والے ہیں۔ سیمینار میں دنیا کے کونے کونے سے بودھ بھکشو آ رہے ہیں۔ اس کی وجہ سے گیا ہوائی اڈے پر بیرون ملک سے آنے والے لوگوں کا کووڈ ٹیسٹ کیا جا رہا ہے۔

اس ٹیسٹ کے دوران چار سیاح کورونا سے متاثر پائے گئے۔اطلاعات کے مطابق، گیا کے ڈی ایم ڈاکٹر تیاگ راجن ایس ایم نے بتایا کہ گیا کے ہوائی اڈے پر 20 دسمبر کو بینکاک سے آئی پرواز میں سوار مسافروں کا آر ٹی پی سی آر ٹسٹ کیا گیا تھا۔ آر ٹی پی سی آر رپورٹ میں مسافر کورونا سے متاثر پائے گئے ہیں۔ ان میں سے تین مسافر انگلینڈ کے رہائشی ہیں۔ جنہیں بودھ گیا کے ایک ہوٹل میں الگ تھلگ رکھا گیا ہے۔ وہیں میانمار کا ایک غیر ملکی سیاح بھی کورونا سے متاثر پایا گیا ہے، جوکہ گیا چھوڑ کر پٹنہ یا دہلی چلا گیا ہے، اس کی تلاش جاری ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button