نئی دہلی: (اردودنیا.اِن)ہند -تبت بارڈر پولیس (آئی ٹی بی پی) کے تین اہلکاروں کو کرناٹک میں 70 سال کے ایک سابق فوجی کو اپنے کنبہ کے ساتھ قریب تین دہائیوں کے بعد ملاپ کرنے میں مدد کرنے پر سکیورٹی فورس کا اعزاز حاصل دیا گیا ہے۔اتراکھنڈ کے لوہا گھاٹ میں بارڈر فورس کی 36 ویں بٹالین میں تعینات فوجیوں نے اس سال کے شروع میں ریاست کے چلتی گاؤں میں سڑک کے کنارے کی دکان پر کینچپا گووندپا کو دیکھا جب ان میں سے ایک کھانا پینے کے لئے وہاں رکا تھا۔
کانسٹیبل ریاض سنکاد نے اس شخص کی حالت دیکھ کر اس واقعے کی اطلاع بٹالین میں موجود اپنے دو سینئر افسروں ہیڈ کانسٹیبل پرمند پائی اور شرن باسوا راگاپور کو بھی دی، جو کرناٹک سے ہی تعلق رکھتے ہیں۔پائی نے بتایاکہ میں اور باسوا بعد میں اس دکان پر گئے تھے، ہم نے دیکھا کہ اس شخص کی جسمانی حالت ٹھیک نہیں ہے اور وہ جذباتی طور پر ٹوٹ چکاتھا کیونکہ وہ برسوں پہلے کھو گیا تھا اور وہ اپنے کنبہ یا رشتہ داروں سے نہیں مل سکا۔
انہوں نے کہاکہ وہ شخص صرف کناڈازبان جانتا تھا اور ہندی میں بات نہیں کرسکتا تھا، سخت سردی میں بھی وہ دکان کے عقبی حصے میں بس اسٹاپ پر سوتا تھا۔آئی ٹی بی پی کے دو جوانوں نے دکان کے مالک سے مزید معلومات طلب کی اور معلوم ہوا کہ کینچپا کئی سال پہلے ایک ٹرک میں یہاں آیا تھا اور اس کے پاس رقم بھی نہیں تھی۔پائی نے کہاکہ دکان کا مالک کام میں کچھ مدد کے بدلے میں صرف کھانا دیتا تھا۔
وہ بری حالت میں زندگی گزار رہا تھا اور کوئی بھی اس کے غم کو سمجھ نہیں سکتا تھا کیونکہ کوئی بھی اس کی زبان نہیں سمجھتا تھا۔بعد میں ان دونوں جوانوں نے ایک ویڈیو بنائی اور اسے سوشل میڈیا پر پوسٹ کیا جس کے بعد انہیں ایک وکیل کا فون آیا جو کینچپا کے کنبے کو جانتا تھا۔ ان کا کنبہ کرناٹک کے دھارواڈ ضلع کے کلگھاٹھی گاؤں میں رہتا تھا۔



