نئی دہلی: (ایجنسیز)دفاعی امور کی کابینہ کمیٹی (CCS) نے بدھ کو فضائیہ میں 83 تیجس ہلکے جنگی طیاروں کے شامل ہونے کا راستہ صاف کر دیا ہے۔ ہندستان ایروناٹکس لمٹیڈ کے ذریعہ بنائے گئے ان طیاروں کے لئے 48 ہزار کروڑ روپئے کا سودا کیا گیا ہے۔ یہ ہندستان کی اب تک کی سب سے بڑی دفاعی خریداری ہے۔مارچ 2020 میں ڈیفنس ایکوئزیشن کونسل نے 83 ایڈوانسڈ مارک آئی اے ورڑن تیجس طیارہ کی خریداری کی بات پر مہر لگائی تھی۔ اب وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت والی سی سی ایس نے اس سودے کو فائنل کر دیا ہے۔
وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے ٹویٹ کیا ہے۔ وزیر اعظم مودی کی زیر صدارت سی سی ایس نے آج تاریخی طور پر سب سے بڑی دفاعی سودے کو منظوری دے دی ہے۔ یہ سودا 48 ہزار کروڑ روپئے کا ہے۔ اس سے ہماری فضائیہ کے بیڑے کی طاقت ‘ ایل سی اے تیجس’ کے ذریعہ مضبوط ہو گی۔ ہندستان کی ڈیفنس مینوفیکچرنگ کے لئے یہ سودا صورت حال کو تبدیل کرنے والا ثابت ہو گا۔
وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے لکھا کہ تیجس طیارے آنے والے برسوں میں ہندستانی فضائیہ کے لئے ‘ بیک بون’ ثابت ہونے جا رہے ہیں۔ ایچ اے ایل نے اپنی سیکنڈ لائن مینوفیکچرنگ سیٹ اپ کی شروعات ناسک اور بنگلورو ڈویڑن میں شروع کر دی ہے۔ غور طلب ہے کہ یہ سودا پہلے کئے گئے 40 جنگی طیاروں کے سودے سے الگ ہے۔ یہ طیارے اگلے چھ سے سات برسوں میں ملک کی فضائیہ میں شامل کئے جائیں گے۔




