
مدھیہ پردیش: سیدھی بس حادثے میں 48 افراد کی لاشیں برآمد ، وزیر اعظم کا اظہارغم

بھوپال: (اردودنیا.اِن)مدھیہ پردیش میں منگل کوسیدھی سے ستنا جانے والی بس ایک حادثے کا شکار ہوگئی۔ مسافروں سے بھری بس بنساگرکی نہر میں گر گئی۔ اس حادثے میں اب تک 48افراد کی لاشیں نکالی گئیں ہیں۔ موصولہ اطلاع کے مطابق حادثے کے وقت 60 افراد بس میں سوار تھے۔
اسی کے ساتھ ہی وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے اس واقعہ پر اظہار تعزیت کیا ہے اور ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ کو 5 لاکھ معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے۔
اس حادثے کی وجہ سے وزیر اعلی نے ہوم انٹری اسکیم کا پروگرام بھی ملتوی کردیا۔ وزیراعلیٰ کے مطابق بنساگرکی نہر بہت گہری ہے ، ہم نے فوری طور پر ڈیم کا پانی روک دیا ،
امدادی اور بچاؤ ٹیمیں کلکٹر ایس پی ایس ڈی ایف ٹیم کو بھجوا دیں۔انہوں نے بتایا کہ میں صبح 8 بجے سے امدادی کام کرنے والی ٹیم کے ساتھ رابطے میں ہوں ، کچھ ساتھی بچ گئے ہیں ، کوشش ہے کہ اپنے بہن بھائیوں کو بحفاظت بچائیں۔
وزیر اعظم کا اظہارغم
وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کے روز مدھیہ پردیش کے سیدھی ضلع میں خوفناک بس حادثے پر غم کا اظہارکیا ہے اور اس حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو 2 لاکھ روپئے دینے کی منظوری دی۔ط۔ مودی نے کہا کہ مدھیہ پردیش کے سیدھی میں بس حادثہ خوفناک ہے۔ میری ہمدردی سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہے۔
ان کے دفتر نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے مدھیہ پردیش کے شہر سیدھی میں بس حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو وزیر اعظم کے قومی ریلیف فنڈ سے دو،دولاکھ روپئے دینے کی منظوری دے دی ہے۔ شدید زخمیوں کو 50-50 ہزارروپئے کی مالی امداد دی جائے گی۔



