یوپی کے لکھیم پور کھیری میں مرکزی وزیرکے بیٹے پر کسانوں کوکچلنے کاالزام-5 کسان شہید،10زخمی، حالات کشیدہ
لکھیم پور کھیری ، 3 اکتوبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)یوپی کے لکھیم پور کھیری میں مرکزی وزیر اجے مشرا کے قافلے کے کار حادثے پر ہنگامہ ہوگیا ہے۔ حادثے کے بعد کسان غصے میں ہیں۔ لکھیم پور کھیری ڈی ایم اروند چورسیا سے موصولہ معلومات کے مطابق پانچ کسانوں کی موت ہو گئی ہے۔
صورتحال بہت کشیدہ ہے۔ سنیکت کسان مورچہ اور بھارتیہ کسان یونین نے لکھیم پور پہنچنے کی کال دی تھی۔ ہزاروں کسان پہلے ہی یہاں پہنچ چکے تھے۔ مرکزی وزیر اجے مشرا ٹینی کے بیٹے ابھے مشرا مونو پر کسانوں کو کار سے کچلنے کی کوشش کا الزام لگایا جا رہا ہے۔
کچھ کسان تنظیموں نے فائرنگ کا الزام بھی لگایا ہے۔اس سے قبل یہ اطلاع ملی تھی کہ مرکزی وزیر اجے مشرا کے حامیوں کی مبینہ گاڑی سے ٹکرانے کے بعد دو کسان زخمی ہوگئے ہیں۔ مشتعل کسانوں نے دو گاڑیوں کو آگ لگا دی۔ بتایا جا رہا ہے کہ جن دو گاڑیوں کو جلایا گیا ان میں سے ایک گاڑی مرکزی وزیر کے بیٹے کی تھی۔ یہ خبر بھی ہے کہ کل کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی لکھیم پور کھیری جا سکتی ہیں۔
کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے کہاکہ جو بھی اس غیر انسانی قتل عام کو دیکھ کر بھی خاموش ہے، وہ پہلے ہی مر چکا ہے لیکن ہم اس قربانی کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے، کسان ستیہ گرہ زندہ باد!۔



