
تلنگانہ میں 500 روپیوں میں گیاس سیلنڈر کانگریس کی یوم تاسیس کے موقع پر عمل آوری متوقع ، تیاریاں جاری
ریاست میں 500 روپئے میں پکوان گیاس سیلنڈر کی فراہمی شروع ہوجائے گی۔
حیدرآباد:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) حکومت تلنگانہ 28 ڈسمبر کو کانگریس کے 138 ویں یوم تاسیس کے موقع پر انتخابات سے قبل کئے گئے ایک اور وعدہ پر عمل آوری کا فیصلہ کرنے جا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق ریاستی حکومت کی جانب سے 500 روپئے میں ایل پی جی گیاس سیلنڈر کی جو ضمانت دی گئی تھی اس پر 28 ڈسمبر سے عمل کیا جائے گا ۔ بتایاجاتا ہے کہ حکومت کی جانب سے تلنگانہ میں پکوان گیاس صارفین کو راحت پہنچانے کے اقدامات کے طور پر گیاس سبسیڈی کی رقم میں کئے جانے والے اضافہ کے فیصلہ کے سلسلہ میں عہدیداروں کی جانب سے اسکیم کی تیاری کا عمل تیزی سے جاری ہے اور اسے اندرون 5 یوم مکمل کرلیا جائے گا ۔
ریاستی وزیر سیول سپلائز کیپٹن اتم کمار ریڈی نے گذشتہ دنوں کئے گئے استفسار پر یہ واضح کیا تھا کہ ان کے محکمہ کی جانب سے گیاس سبسیڈی اسکیم کے آغاز کے سلسلہ میں منصوبہ بندی کا عمل جاری ہے اور آئندہ چند یوم کے دوران 500 روپئے میں پکوان گیاس کی اسکیم پر عمل آوری کو یقینی بنایا جائے گا۔ ریاستی وزیر کی جانب سے کئے گئے اس اعلان کے بعد سے کہا جا رہاتھا کہ اس اسکیم کے قد و خال کی اجرائی کے سلسلہ میں اقدامات کی ہدایات جاری کی جاچکی ہیں لیکن گذشتہ دنوں ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ریاست تلنگانہ میں 500 روپئے میں گیاس کی فراہمی کی اسکیم پر 28 ڈسمبر سے عمل آوری کے سلسلہ میں تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔
28 ڈسمبر کو کانگریس پارٹی اپنی 138ویں یوم تاسیس منانے جا رہی ہے اور کہا جا رہا ہے کہ اسی دن تلنگانہ میں حکومت کی جانب سے اس اسکیم پر عمل آوری کا آغاز کردیا جائے گا۔ کانگریس نے اقتدار حاصل کرنے سے قبل جو وعدے کئے تھے ان میں 6 ضمانتوں پر عمل آوری کا اعلان کیا گیا تھا جن میں 2 ضمانتوں پر اقتدار حاصل کرنے کے بعد اندرون 48 گھنٹے ریاستی حکومت نے عمل آوری شروع کردی جس کے تحت ریاست بھر میں خواتین کے لئے مفت بس خدمات کی فراہمی کے علاوہ 10 لاکھ روپئے تک راجیو آروگیہ شری اسکیم شامل ہے ۔
ان دونوں ضمانتوں پر عمل آوری کے بعد اب تیسری ضمانت پر عمل درآمد کرنے کے سلسلہ میں رہنمایانہ خطوط کی اجرائی عمل میں لائی جاسکتی ہے اور کہا جا رہاہے کہ ان رہنمایانہ خطوط کی اجرائی کے ساتھ ہی ریاست میں 500 روپئے میں پکوان گیاس سیلنڈر کی فراہمی شروع ہوجائے گی۔



