توانگ سیکٹر میں زخمی 6 فوجی اہلکار گوہاٹی کے فوجی اسپتال میں زیر علاج
فوج کے چھ فوجیوں کو گوہاٹی کے واششٹ میں واقع فوج کے 151 بیس اسپتال میں ہوائی جہاز سے لے جایا گیا ہے
Tawang clash india china گوہاٹی ،13دسمبر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) اطلاعات کے مطابق اروناچل پردیش کے توانگ میں 9 دسمبر کو چینی پیپلز لبریشن آرمی کے ساتھ جھڑپ کے دوران زخمی ہونے والے ہندوستانی فوج کے چھ فوجیوں کو گوہاٹی کے واششٹ میں واقع فوج کے 151 بیس اسپتال میں ہوائی جہاز سے لے جایا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ زخمی جوانوں کو 9 دسمبر دوپہر کو توانگ سے ہوائی جہاز سے علاج کے لیے گوہاٹی لایا گیا۔واضح رہے کہ 9 دسمبر کو اروناچل پردیش کے توانگ سیکٹر میں لائن آف ایکچوئل کنٹرول (ایل اے سی) پر ہندوستانی اور چینی فوجیوں کے درمیان جھڑپ ہوئی تھی، جس کی خبرتین دن کی تاخیر سے ہندوستانی میڈیا میں آئی ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق اس دوران دونوں ممالک کے فوجی زخمی ہوئے ہیں۔ پی ایل اے کے دستوں نے 9 دسمبر کو توانگ سیکٹر میں ایل اے سی کو عبور کیا تھا۔اس دوران ہندوستانی فوجیوں نے چینی فوجیوں کا مضبوطی کے ساتھ مقابلہ کرکے چینی فوجیوں کو منھ توڑ جواب دیا۔ اس روبرو تصادُم میں کچھ اہلکاروں کو معمولی چوٹیں آئیں،جس کے بعد دونوںفوجی فوراً پیچھے ہٹ گئے۔ دریں اثنا، مشرقی لداخ میں جھڑپ کے بعد ہندوستانی اور چینی فوجیوں کے درمیان یہ پہلی مبینہ جھڑپ ہے۔



