نئی دہلی ،28؍اکتوبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا وائرس کے 16 ہزار 156 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جو کہ کل کے 13 ہزار 451 کیسز سے 20 فیصد زیادہ ہیں۔ گزشتہ24 گھنٹوں میں 733 اموات ریکارڈ کی گئی ہیں، صرف کیرالہ میں 622 اموات ہوئی ہیں۔
حکام کے مطابق، کیرالہ میں ہفتہ واری اموات میں 53 فیصد کمی آئی ہے، لیکن جو اموات دستاویزات کی کمی کی وجہ سے رپورٹ نہیں ہوئی تھیں، ان کو بیک لاگ کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔ اس کی وجہ سے ریاست میں مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔کیرالہ کے سرکاری ذرائع کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کل 93 اموات اور 529 بیک لاگ کیسز شامل کیے گئے ہیں۔
یعنی 24 گھنٹوں میں کل 622 اموات ہوئی ہیں۔ کیرالہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 6,723 مریض صحت یاب ہوئے ، جس کی وجہ سے ریاست میں اس مہلک وائرس کو شکست دینے والوں کی تعداد بڑھ کر 48,31,468 ہو گئی ہے۔
ریاست میں زیر علاج مریضوں کی تعداد کم ہو کر 76,554 ہو گئی ہے۔ملک میں کورونا وبا سے صحت یاب ہونے کی شرح 98.20 فیصد ہے جو مارچ 2020 کے بعد سب سے زیادہ ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 17095 مریض صحت یاب ہوئے ہیں۔ اب تک ملک بھر میں کورونا سے کل 33,614,434 لوگ ٹھیک ہوچکے ہیں۔
ملک بھر میں کورونا سے اب تک کل 456,386 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ ہفتہ واری مثبت شرح 1.19% ہے جو گزشتہ34 دنوں سے 2 فیصد سے کم ہے۔ دوسری طرف یومیہ مثبت شرح 1.25 فیصدہے، جو گزشتہ24 دنوں سے 2 فیصد سے کم ہے۔



