بائیڈن کے تبصرے پر ردّ عمل، ٹرمپ کچرا جمع کرنے والے ٹرک میں بیٹھ گئے
امریکہ،31اکتوبر (اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز)
امریکی صدارتی انتخابات کی مہم ختم ہونے سے چار روز قبل بدھ کے روز سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنی انتخابی مہم کے زیر انتظام ایک خصوصی کچرا ٹرک کے کیبن میں نظر آئے۔ انہوں نے ٹرک کے ڈرائیونگ کیبن میں بیٹھ کر صحافیوں کے سوالات کے جوابات دیے۔ ٹرمپ نے یہ قدم امریکی صدر جو بائیڈن کی جانب سے ریپبلکن امیدوار کے حامیوں کو کچرا قرار دینے کے بعد سامنے آیا ہے۔اگرچہ ٹرمپ پہلے ہی اپنے سیاسی حریفوں کو کچرا قرار دے چکے ہیں تاہم وہ جو بائیڈن کی زبان کی لغزش سے فائدہ اٹھانے کے لیے تیار نظر آئے۔
وہ کچرا جمع کرنے والے ایک ٹرک پر سوار ہو گئے جس پر امریکہ کو ایک بار پھر عظیم بنائیں کا موٹو تحریر تھا۔ یہ ٹرک وسکونسن کے ہوائی اڈے پر ٹرمپ کا منتظر تھا جہاں انھیں صحافیوں سے گفتگو کرنا تھا۔جو بائیڈن نے منگل کے روز اپنی انتخابی مہم میں گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ واحد کچرا جو میں دیکھ رہا ہوں وہ اس (ٹرمپ) کے حامی ہیں۔اس بات نے ٹرمپ کو مظلوم کا کردار ادا کرنے کا موقع فراہم کر دیا۔ٹرمپ نے صحافیوں کے سامنے کہا کہ کیا آپ کو میرا کچرے کا ٹرک پسند آیا؟ یہ ٹرک کملا ہیرس اور جو بائیڈن کے اعزاز میں ہے۔
ریپبلکن پارٹی کے حامی صدر بائیڈن کے بیان پر چراغ پا ہیں۔ تاہم ٹرمپ کے مخالف گروپ لنکولن پروجیکٹ نے ٹرمپ کا ایک وڈیو کلپ جاری کیا ہے۔ اس کلپ میں وہ 7 ستمبر کو وسکونسن ریاست میں ریپبلکنز کے ایک اجتماع سے خطاب میں نائب صدر کملا ہیرس کے گرد افراد کو کچرا قرار دے رہے ہیں۔ادھر نائب صدر اور صدارتی انتخابات میں ڈیموکریٹ امیدوار کملا ہیرس نے نارتھ کیرولائنا کا دورہ کیا۔ اس کے بع دوہ پنسلوینیا اور وسکونسن بھی گئیں۔وسکونسن میں اپنے حامیوں سے خطاب میں کملا ہیرس نے کہا کہ لوگ تھک چکے ہیں، وہ چاہتے ہیں کہ الزامات کا تبادلہ اب رک جائے۔
وقت آ گیا ہے کہ ہم بحیثیت قوم شانہ بشانہ آگے بڑھنے کا سفر شروع کریں۔کملا ہیرس نے بائیڈن کی زبانی لغزش کے حوالے سے سوالات پر جواب میں کہا کہ مجھے آپ لوگ واضح کرنے دیں، میں افراد پر ایسی کسی بھی تنقید سے شدید اختلاف کرتی ہوں جو ان کے ووٹروں کی بنیاد پر کی جائے۔وائٹ ہاؤس کے سامنے خطاب میں نائب صدر نے کہا کہ یہ ایسا صدارتی امیدوار نہیں جو آپ کی زندگیاں بہتر بنانے کے بارے میں سوچے گا، یہ ایک غیر متوازن شخص ہے، انتقام کی ہوس سے بھرا ہوا جو مطلق اقتدار حاصل کرنا چاہتا ہے۔



