لبنان: پیجر اور واکی ٹاکی حملے، اسرائیل نے ذمہ داری باضابطہ قبول کر لی
اسرائیل نے ان حملوں کی سرکاری طور پر ذمہ داری قبول کرنے سے گریز کیا تھا۔
مقبوضہ بیت المقدس،11نومبر ( ایجنسیز ) اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے اتوار کے روز پہلی بار لبنان میں کیے گئے پیجر اور واکی ٹاکی حملوں کا اعتراف کیا ہے کہ ماہ ستمبر میں لبنان میں ہزاروں پیجر رکھنے والے افراد اور واکی ٹاکی استعمال کرنے والوں پر جاں لیوا حملے اسرائیل نے کیے تھے۔ اس سے پہلے اسرائیل نے ان حملوں کی سرکاری طور پر ذمہ داری قبول کرنے سے گریز کیا تھا۔حزب اللہ نے اسرائیل کو ہی ان پیجر حملوں کا ذمہ دار ٹھہرایا تھا۔
یہ پیجر حملے لبنان میں غیر معمولی خوف و ہراس اور دہشت کا باعث بنے تھے۔ اسرائیلی ترجمان کی اے ایف پی سے بات چیت کے مطابق نیتن یاہو نے اتوار کے روز ان پیجر حملوں کی ذمہ داری قبول کرنے کا اشارہ دیا ہے۔یہ حملے دو دن جاری رہے تھے اور پیجر رکھنے والے اور واکی ٹاکیز استعمال کرنے والے ہزاروں لبنانی ان حملوں میں نشانہ بنے تھے۔ ایک اندازے کے مطابق ان پیجر حملوں کے نتیجے میں 40 لبنانی ہلاک اور 3000 کے قریب زخمی ہوئے تھے۔
ادھر لبنان کی حکومت نے اقوام متحدہ کے ذیلی عالمی ادارہ محنت کے پاس ایک درخواست جمع کرائی ہے جس میں ان دہشت گردانہ حملوں کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے اسے سزا دینے کا کہا ہے۔ لبنانی حکومت کے مطابق آئندہ دنوں عالمی تجارتی تنظیم کے پاس بھی اسرائیل کیخلاف درخواست دائر کی جائے گی۔



