آزاد اور مقتدر فلسطینی ریاست کی بات غیر حقیقت پسندانہ ہے: اسرائیل
عرب ممالک کے ساتھ نارملائزیشن کے بدلے میں کیا اسرائیل فلسطینی ریاست کا قیام گوارا کر لے گا۔
مقبوضہ بیت المقدس،12نومبر (ایجنسیز) اسرائیلی وزیر خارجہ جدعون ساعر نے کہا ہے ایک مقتدر فلسطینی ریاست کے قیام کی باتیں غیر حقیقت پسندانہ ہیں۔ وہ یروشلم میں رپورٹرز سے بات چیت کر رہے تھے۔اسرائیل کے نئے مقرر کردہ اعلیٰ ترین سفارت کار کا کہنا تھا میرا نہیں خیال کہ فلسطینی ریاست کی باتیں حقیقت پسندانہ ہیں۔ اس لیے میں کہوں گا کہ ہمیں حقیقت پسند ہونا چاہیے۔ انہوں نے یہ بات اس بارے میں کیے گئے سوال کے جواب میں کہی ہے۔
ان سے سوال پوچھا گیا تھا کہ عرب ممالک کے ساتھ نارملائزیشن کے بدلے میں کیا اسرائیل فلسطینی ریاست کا قیام گوارا کر لے گا۔ جس پر انہوں نے کہا کہ، فلسطینی ریاست کا مطلب حماس کی ریاست ہو گا۔ واضح رہے عرب اور مسلم دنیا کے رہنما ریاض میں اکٹھے ہو کر مشرق وسطیٰ کے اس دیرینہ تنازعے کا دو ریاستی حل مانگ رہے ہیں۔ کئی اہم رہنماؤں نے بھی دو ریاستی حل کو ہی مسئلے کا حل قرارا دیا ہے۔



