بین الاقوامی خبریں

ٹرمپ کا اہم عہدوں پر اپنے وفادار سیاسی حامیوں کا انتخاب

۔ڈونلڈ ٹرمپ نے منگل کی شب کچھ عہدوں کے لیے عہدیداران کا اعلان کیا ہے

واشنگٹن،13نومبر (ایجنسیز) امریکہ کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنی مستقبل کی انتظامیہ کے لیے تیزی سے ری پبلکن رہنماؤں کا تقرر کر رہے ہیں۔ ان میں زیادہ تر وہ افراد شامل ہیں جو ان کی گزشتہ صدارت ختم ہونے کے بعد گزشتہ چار برس میں ان کے انتہائی وفادار رہے ہیں۔امریکہ کے ذرائع ابلاغ میں زیرِ گردش رپورٹس کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ ریاست فلوریڈا سے سینیٹ کے رکن مارکو روبیو کو وزیرِ خارجہ بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

تاہم امریکہ کے اس اعلیٰ ترین سفارت کار کا تاحال اعلان نہیں کیا گیا۔ڈونلڈ ٹرمپ نے منگل کی شب کچھ عہدوں کے لیے عہدیداران کا اعلان کیا ہے جن میں ہوم لینڈ سیکیورٹی چیف کے لیے ساؤتھ ڈکوٹا کی گورنر کرسٹی نوم شامل ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی کابینہ کے لیے جن دیگر افراد کے ناموں کا اعلان کیا ہے ان میں وزیرِ دفاع کے لیے پیٹ ہیگزتھ اور خفیہ ایجنسی سی آئی اے کے ڈائریکٹر کے عہدے کے لیے جان ریٹ کلف شامل ہیں۔مارکو روبیو اور کرسٹی نوم کئی ماہ قبل ڈونلڈ ٹرمپ کے نائب صدر کے امیدواروں کی فہرست میں شامل تھے۔ بعد ازاں ٹرمپ نے ریاست اوہائیو سے پہلی بار سینیٹ کے رکن منتخب ہونے والے جے ڈی وینس کو نائب صدر کا امیدوار نامزد کر دیا تھا۔ج

ے ڈی وینس کی نامزدگی کے بعد بھی مارکو روبیو اور کرسٹی نوم نے بھرپور وفاداری سے ٹرمپ کا ساتھ دیا اور وہ پانچ نومبر کے صدارتی انتخاب میں ڈیمو کریٹک پارٹی کی امیدوار اور نائب صدر کاملا ہیرس کو شکست دے کر امریکہ کے 47 ویں صدر منتخب ہوئے۔خفیہ ایجنسی سی آئی اے کے نامزد ڈائریکٹر جان ریٹ کلف امریکہ کی نیشنل انٹیلی جنس کے 2020 میں سربراہ رہ چکے ہیں۔

وہ نیشنل انٹیلی جنس کے چھٹے سربراہ تھے۔ سینیٹ سے منظوری کے بعد انہوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کی صدارت کی پہلی مدت میں آخری آٹھ ماہ تک اس عہدے پر امور انجام دیے تھے۔نامزد وزیرِ دفاع پیٹ ہیگزتھ امریکہ کی فوج میں خدمات انجام دے چکے ہیں جب کہ امریکی نشریاتی ادارے ’فاکس نیوز‘ سے بطور میزبان وابستہ ہیں۔ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ ’ڈپارٹمنٹ آف گورنمنٹ ایفشنسی‘ (محکمہ برائے حکومتی کارکردگی) کی سربراہی ارب پتی کاروباری شخصت ایلون مسک اور ری پبلکن پارٹی میں صدارتی نامزدگی کی دوڑ میں شامل رہنے والے وویک رامسوامی کریں گے۔

دونوں شخصیات امریکہ کی وفاقی حکومت کے ’بڑے پیمانے پر اداراجاتی اصلاحات‘ کے لیے تجاویز اور رہنمائی فراہم کریں گے۔ڈونلڈ ٹرمپ نے منگل کو ویلیم مک گینلی کو وائٹ ہاؤس کا قانونی مشیر مقرر کیا ہے۔فلوریڈا سے کانگریس کے رکن مائیکل والٹز کو بھی نیشنل سیکیورٹی کا مشیر مقرر کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

مائیکل والٹز نے رواں برس کے آغاز میں ری پبلکن پارٹی کی پارلیمان میں قانون سازی کی اس کوشش کی حمایت کی تھی جس کے تحت واشنگٹن کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کا نام ڈونلڈ ٹرمپ کے نام پر رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button