قومی خبریں

ایران پر اسرائیلی حملے کی خفیہ دستاویزات افشا کرنے پر امریکی اہلکار کیخلاف مقدمہ شروع

دستاویزات کے مطابق اس امریکی اہلکار نے یہ خفیہ معلومات ایران پر اسرائیلی حملے کے بارے میں افشا کر دی تھی

نیویارک ،14نومبر (ایجنسیز) امریکی حکومت نے خفیہ معلومات افشا کرنے پر اپنے اہلکار کے خلاف مقدمہ شروع کر دیا۔ عدالتی دستاویزات کے مطابق اس امریکی اہلکار نے یہ خفیہ معلومات ایران پر اسرائیلی حملے کے بارے میں افشا کر دی تھی۔ عدالت کے سامنے یہ مقدمہ بدھ کے روز پیش کیا گیا ہے۔اہلکار جس کا نام آصف ولیم رحمان کے طور پر ظاہر کیا گیا ہے اسے امریکہ کی وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی’ نے اسی ہفتے کمبوڈیا سے گرفتار کیا تھا۔ اب اس کی عدالت میں پہلی پیشی کی تیاری ہے۔

امریکی ریاست ورجینیا میں اس کے خلاف فرد جرم پچھلے ہفتے عائد کی گئی تھی۔ جس پر الزام تھا کہ اس نے جانتے بوجھتے ملکی دفاع سے متعلق معلومات افشا کی ہیں۔ واضح رہے اس طرح کے الزام کے تحت قید کی بڑی سزا دیے جانے کا امکان ہوتا ہے۔رپورٹ کے مطابق ابھی تک یہ واضح نہیں ہوا کہ آصف ولیم رحمان کو وکیل کی سہولت مل پائی ہے یا نہیں۔سرکاری طور پر حکام کا کہنا ہے کہ اس کے لیے انتہائی طور پر سیکیورٹی کلیرنس حاصل کی گئی تھی۔

تاہم اب اس پر سرکاری راز افشا کرنے کا الزام سیکیورٹی ایجنسی کی طرف سے عائد کیا گیا ہے۔ جو اس نے پچھلے ماہ ٹیلی گرام میسیجنگ ایپ میں ظاہر کی تھی۔دستاویز کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا تھا جب اسرائیل ایران کے یکم اکتوبر کے حملے کے جواب میں اپنے فوجی اثاثوں کو متعلقہ مقامات پر پہنچا رہا تھا اور جوابی حملہ کرنے کی تیاری کر رہا تھا۔ تاہم بعد ازاں اسرائیل کی طرف سے ایران پر جوابی حملہ اکتوبر کے اواخر میں کیا گیا تھا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button