اسپورٹس

بنگلہ دیشی بیٹسمین آؤٹ ہوئے بغیر میدان چھوڑ گئے۔ ویسٹ انڈیز کو 201 رنز سے بڑی ٹیسٹ جیت مل گئی

آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کی دوڑ سے باہر ہونے والی ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے بنگلہ دیش کے خلاف شاندار فتح درج کر لی

اینٹی گا،27نومبر (ایجنسیز) آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کی دوڑ سے باہر ہونے والی ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے بنگلہ دیش کے خلاف شاندار فتح درج کر لی۔جنوبی افریقہ کے ہاتھوں گھر میں شکست کھانے والی بنگلہ دیشی ٹیم کو دورہ ویسٹ انڈیز پر ٹیسٹ میں 201 رنز سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ اینٹی گا ٹیسٹ جیتنے کے لیے میزبان ٹیم نے بنگلہ دیش کو 334 رنز کا بلند ہدف دیا تھا۔ مہمان ٹیم صرف 132 رنز بنا سکی۔

آخری بلے باز کے آؤٹ ہونے سے پہلے ہی ٹیم میدان چھوڑنے پر مجبور ہوگئی۔ویسٹ انڈیز کو دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں بنگلہ دیش پر 1-0 کی برتری حاصل ہے۔ 10 ماہ بعد ٹیم میں واپسی کرنے والے جسٹن گریوز نے پہلی اننگز میں شاندار سنچری اسکور کی۔ ناقابل شکست 115 رنز کی بدولت ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے 9 وکٹوں پر 450 رنز بنانے کے بعد اننگز ڈکلیئر کر دی۔

تیسرے روز بنگلہ دیش کے کپتان مہدی حسن معراج نے 9 وکٹوں پر 269 رنز بنانے کے بعد اننگز ڈیکلئیرکر دی۔ اس کے بعد شاندار بولنگ کرتے ہوئے میزبان ٹیم کو دوسری اننگز میں صرف 152 رنز پر ڈھیر کردیا۔334 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیشی ٹیم کو بلے بازوں نے دھوکہ دیا اور پوری ٹیم صرف 132 رنز تک ہی پہنچ سکی۔

ویسٹ انڈیز کے باؤلرز کیمار روچ اور جیڈن سیلز مہمان ٹیم کے لیے مسئلہ بنے،اور تین تین وکٹیں لے کر میچ تقریباً ختم کر دیا۔ شرف الاسلام ریٹائرڈ ہرٹ ہوگئے اور میچ ختم ہونے سے قبل میدان چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔

ویسٹ انڈیز کے لیے پہلی اننگز میں شاندار سنچری کھیلنے والے جسٹن گریوز کو میچ کا بہترین کھلاڑی منتخب کیا گیا۔خیال رہے کہ ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش کے درمیان سیریز کا دوسرا میچ 30 نومبر سے کھیلا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button