خواتین ججوں کو ہٹانے پر ہائی کورٹ پر برہم سپریم کورٹ
عدالت نے کہا کہ اگر مردوں کو ماہواری ہوتی تو وہ سمجھ پاتے۔
نئی دہلی ،4دسمبر (ایجنسیز) سپریم کورٹ نے منگل کو مدھیہ پردیش ہائی کورٹ کو خواتین سول ججوں کی خدمات ختم کرنے اور انہیں بحال کرنے سے انکار کرنے پر پھٹکار لگائی۔ اس دوران عدالت نے کہا کہ اگر مردوں کو ماہواری ہوتی تو وہ سمجھ پاتے۔ جسٹس بی وی ناگارتھنا اور جسٹس این کوٹیشور سنگھ کی بنچ نے کہا کہ جب جج ذہنی اور جسمانی طور پر تکلیف میں ہوں تو مقدمات کے نمٹانے کی شرح ایک معیار نہیں بن سکتی
مدھیہ پردیش میں خواتین سول ججوں کی خدمات کو ختم کرنے اور ان میں سے کچھ کو بحال کرنے سے انکار کرنے کے معاملے کا ازخود نوٹس لیتے ہوئے، بنچ ہائی کورٹ کے رویہ سے ناخوش تھی۔ اپنی برہمی کا اظہار کرتے ہوئے بنچ نے کہا کہ برخاست کرنا اوربہت آسان ہے۔ ہم اس معاملے کو بھی تفصیل سے سن رہے ہیں۔
بنچ نے مزید کہا کہ مرد ججوں اور عدالتی افسران کے لیے ایک جیسے اصول ہونے چاہیے، ہم تب دیکھیں گے اور ہمیں معلوم ہوگا کہ کیا ہوتا ہے۔ آپ کیس نمٹانے کو ضلعی عدلیہ کے لیے ایک معیار کیسے بنا سکتے ہیں؟ جسٹس ناگارتھنا نے تبصرہ کیا کہ کاش مرد وں کو ماہواری ہوتی تو وہ سمجھ پاتے۔
جنوری میں، سپریم کورٹ نے جون 2023 میں مدھیہ پردیش حکومت کے ذریعہ 6 ججوں کی برطرفی کا ازخود نوٹس لیا تھا۔ ان 6 خواتین جوڈیشل افسران کی خدمات مدھیہ پردیش حکومت نے ہائی کورٹ کے مشورے پر ختم کر دی تھیں۔



