
کولکاتہ: (اردودنیا.اِن)وزیراعلیٰ اورترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی نے اعلان کیا ہے کہ وہ بھوانی پور اور نندی گرام (دونوں) کی ریاستی اسمبلی کی نشستوں سے الیکشن لڑیں گی۔ ممتا بنرجی گذشتہ 10 سالوں سے بھوانی پور سے ایم ایل اے ہیں۔ انہوں نے پہلی بار 2011 میں ضمنی انتخاب لڑا تھا اور کامیابی حاصل کی تھی۔
ان کی پارٹی کے سبرت بخشی نے 2011 کا الیکشن جیت لیا تھا لیکن بعد میں یہ نشست دیدی کے لیے خالی کردی گئی۔ بخشی کو کل 64.77 فیصد ووٹ ملے۔ انہوں نے سی پی ایم کے نارائن پرساد جین کوتقریباََ 50 ہزار ووٹوں کے فرق سے شکست دی۔
بعد میں اسی سال ہونے والے ضمنی انتخاب میں ، ممتا بنرجی نے نہ صرف فتح برقرار رکھی بلکہ فتح کے مارجن کو اور بھی بڑھایا۔ ممتا بنرجی کو ضمنی انتخاب میں 77.46 فیصد ووٹ ملے تھے ، جو اسی سال ہونے والے اسمبلی انتخابات کے مقابلے میں 12.69 فیصد زیادہ تھے۔ ممتا نے سی پی ایم کی نندنی مکھرجی کو 95 ہزار ووٹوں کے فرق سے شکست دی۔
بی جے پی تیسرے نمبرپرتھی۔اس کے بعد ممتا بنرجی نے بھی 2016 کے اسمبلی انتخابات میں بھونی پور سے کامیابی حاصل کی تھی۔ اس بار انہوں نے سابق مرکزی وزیر اور کانگریس لیڈر دیپا داسمونشی کو شکست دی لیکن ممتاکو2011 کے مقابلے میں 29.79 فیصد کم ووٹ ملے۔ دیدی کی فتح کا فرق صرف 25301 ووٹوں پررہ گیا۔
کانگریس امیدوار دیپا کو40219 ووٹ ملے جبکہ دیدی کو 65520ووٹ ملے۔ اس سال بھی بی جے پی تیسرے نمبرپرتھی۔



