کرناٹک میں تبدیلی اقتدار کے قیاس آرائی پر سی ایم سدارامیا کا طنز
وزیر اعلی سدارامیا نے کہا کہ ہمارے درمیان کوئی تنازع نہیں ہے
بنگلور،13جنوری:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)کرناٹک کے وزیر اعلی سدارامیا نے کہا کہ ان کی کرسی خالی نہیں ہے،لیکن پھر بھی صحافی ایسی خبریں دے رہے ہیں کہ ریاست میں اقتدار کی تبدیلی ہونے جا رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کے اور ڈپٹی چیف منسٹر ڈی کے شیوکمار کے درمیان کوئی تنازع نہیں ہے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ سدارامیا نے میڈیا رپورٹس پرقیاس آرائی پر مبنی صحافت پر تنقید کی کہ نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار جلد ہی ان کی جگہ لیں گے۔
پریس کلب آف بنگلور (پی سی بی) ایوارڈ 2024 میں، وزیر اعلی سدارامیا نے کہا کہ ہمارے درمیان کوئی تنازع نہیں ہے،لیکن صحافی اب بھی لکھ رہے ہیں کہ سی ایم کو تبدیل کیا جائے گا۔ میری کرسی خالی نہیں ہے،لیکن پھر بھی کہتے ہیں کہ وزیر اعلیٰ بدلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ خبر قیاس آرائیوں کی بنیاد پر بنائی گئی ہے حالانکہ ایسا کچھ نہیں ہوا۔اگر لوگ رات کے کھانے کے لئے ساتھ بیٹھتے ہیں، تو یہ قیاس آرائیوں پر مبنی خبر بن جاتی ہے کہ اس طرح کی بات چیت کررہے ہوتے ہیں، حالانکہ ہم کسی اور چیز پر بات کر رہے ہیں ہوتے ہیں ،سدارامیا نے بتایا۔ وہ وزراء کی طرف سے منعقدہ عشائیہ کی میٹنگوں کا ذکر کر رہے تھے جو اقتدار کے گلیاروں میں موضوع بحث بن گئی تھیں۔
وزیراعلیٰ نے صحافیوں سے کہا کہ رپورٹنگ کرتے وقت معاشرے اور اپنے ضمیر کو مدنظر رکھیں۔ انہوں نے کہا، ’’ان دنوں قیاس آرائیوں پر مبنی صحافت مرکز میں ہے۔ یہ ایک خطرناک رجحان ہے۔ آپ کو تصدیق کرنی چاہیے کہ یہ سچ ہے یا جھوٹ۔ کم از کم آپ کی خبر سچائی کے قریب ہونی چاہیے۔‘‘ سدارامیا نے صحت مند تنقید پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے لوگوں کو بہتر بنانے اور اصلاحی اقدامات کرنے میں مدد ملتی ہے۔



