
پرانے سامان کی نیلامی سے 35 ڈالر میں خریدا گیا چینی پیالہ 5 لاکھ ڈالر کا کیسے ہوا؟
نیویارک:(ایجنسیاں) امریکی ریاست کنیٹی کٹ میں ایک گھریلو نیلامی میں فروخت کیا گیا چینی کا پیالہ 15 ویں صدی کا نادر چینی پیالہ نکلا جس کی قیمت 3 لاکھ سے 5 لاکھ ڈالر کے لگ بھگ بتائی جاتی ہے۔یہ پیالہ دو ہفتوں میں نوادرات اور قیمتی زیوروں کی نیلامی کرنے والی کمپنی (Sotheby’s ) سوتھبیز میں نیلامی کے لیے جائے گا۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ نوادرات کے بارے میں شوق رکھنے والے ایک شخص کو کنیٹی کٹ کے شہر نیو ہیون میں ایک گھریلو نیلامی کے دوران یہ پیالہ محض 35 ڈالر میں ملا تھا۔
جب اس پر تحقیق کی گئی تو پتا چلا کہ اس قسم کے دنیا میں اب محض 7 پیالے باقی رہ گئے ہیں۔ یہ پیالہ ایک گھریلو نیلامی میں کیسے پہنچا یہ کسی کو معلوم نہ ہو سکا۔سفید رنگ کے اس پیالے کا قطر جس پر نیلے رنگ سے پھول اور پتیوں کا ڈیزائن بنایا گیا ہے 6 انچ ہے۔ اسے پچھلے برس نیلامی میں خریدنے والے شخص نے، جن کا نام ظاہر نہیں کیا گیا، جب پہلی بار دیکھا تو اسے فوراً خیال گزرا کہ یہ خاص پیالہ ہے۔یہ پیالہ، اس نوعیت کے سات پیالوں میں سے ایک ہے جو اب دنیا میں باقی رہ گئے ہیں۔
اسے 17 مارچ کو سوتھبیز کی اہم چینی آرٹ کی نیلامی میں فروخت کیا جائے گا۔اس وقت یہ نادر پیالہ جس شخص کی ملکیت ہے، اس نے اسے 35 ڈالر میں خریدا تھا اور فوراً ہی اس کی تصاویر سوتھبیز کو بھیج دیں تھیں تاکہ اس کی اصل قیمت معلوم کی جا سکے۔نیلام گھر کے چینی سیریمکس اور آرٹ کے ماہرین انجیلا مک آٹئیر اور ہینگ ین کو ہر ہفتے ایسی کئی ای میلز موصول ہوتی ہیں، مگر یہ ای میل ان سب میں سے خاص تھی۔
مک آٹئیر جو سوتھبیز کی سینئر نائب صدر کے بقول جیسے ہی انہوں نے یہ تصاویر دیکھیں، انہیں معلوم تھا کہ وہ کسی بہت خاص چیز کو دیکھ رہے ہیں۔ ان کے مطابق اس پر پینٹنگ کی طرز، پیالے کی صورت، اور اس پر مخصوص قسم کا نیلا رنگ 15 ویں صدی کے اوائل میں بننے والے چینی مٹی کے برتنوں کی خوبیاں تھیں۔
انہوں نے جب یہ برتن خود دیکھا تو اس بات کی تصدیق کی کہ یہ 15 ویں صدی میں بنایا گیا تھا۔ انہوں نے اس وقت کوئی سائنسی ٹیسٹ نہیں لیا۔ ماہرین کے مطابق یہ پیالہ 15 ویں صدی میں منگ خاندان کے دور میں چینی بادشاہ یونگل کے زمانے کا ہے۔
یہ پیالہ شاہی دربار کے استعمال کے لیے بنایا گیا تھا۔ بادشاہ یونگل کے دربار کے لیے جنگڈیزہن شہر میں چینی مٹی کے برتن بنانے کی بھٹیوں میں نئے طرز سے برتن بنائے جاتے تھے۔



