بین ریاستی خبریںسرورق

حراستی مرکز کے ضمن میں آسام حکومت پر سپریم کورٹ برہم، چیف سکریٹری کو دیاحاضری کا حکم

غیر ملکیوں کو حراست میں رکھنے کی وجوہات کی وضاحت نہ کرنے پر سخت تنقید کی

نئی دہلی،22جنوری :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) سپریم کورٹ نے آسام حکومت کو اپنے تحریری جواب میں عدالت کے سامنے مٹیا ٹرانزٹ کیمپ میں 270 غیر ملکیوں کو حراست میں رکھنے کی وجوہات کی وضاحت نہ کرنے پر سخت تنقید کی۔ یہ معاملہ جسٹس ابھے ایس اوکا اور جسٹس این کوٹیشور سنگھ کی بنچ کے سامنے آیا۔ بنچ نے آسام کے چیف سکریٹری کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے اگلی سماعت میں حاضر ہونے کی ہدایت دی ہے۔سماعت کے دوران بنچ نے ریاستی حکومت کے وکیل سے کہا کہ ان کا حلف نامہ مکمل طور پر ناقص تھا کیونکہ یہ یہ بتانے میں ناکام رہا کہ کیمپ میں اتنے لوگوں کو کیوں حراست میں لیا گیا تھا۔

اپنے سابقہ حکم کا حوالہ دیتے ہوئے بنچ نے اس بات کا جواز طلب کیا کہ کیوں لوگوں کو ملک بدری کا عمل شروع کیے بغیر حراستی مراکز میں رکھا جا رہا ہے۔بنچ نے کہا کہ وہ ریاست کے حلف نامہ کی کوئی وضاحت سمجھنے سے قاصر ہے۔ بنچ نے یہ بھی پوچھاکہ270 غیر ملکی ہیں،ان لوگوں کو ریاست کے خرچ پر کیوں حراست میں رکھا جائے؟ریاستی وکیل نے کہا کہ ان لوگوں کو اسی وقت حراست میں لیا گیا جب انہیں فارنرز ٹربیونل نے غیر ملکی قرار دیا تھا۔ اس پر بنچ نے پوچھا کہ ملک بدری کا عمل کیوں شروع نہیں کیا گیا؟اس کے احکامات کی عدم تعمیل کے لئے چیف سکریٹری کی مجازی موجودگی کا مطالبہ کرتے ہوئے، بنچ نے کہاکہ حلف نامے میں نظر بندی کا کوئی جواز نہیں دیا گیا ہے۔

ملک بدری کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کی تفصیلات نہیں دی گئی ہیں، یہ سراسر خلاف ورزی ہے۔ریاستی حکومت کے وکیل نے غیر قانونی تارکین وطن کی ملک بدری کے عمل کے بارے میں وضاحت کی۔ تاہم بنچ نے ریاستی وکیل کے دلائل سے اتفاق نہیں کیا۔ بنچ نے پوچھا کہ ملک بدری کا عمل شروع کیے بغیر انہیں حراست میں کیوں رکھا جا رہا ہے۔

سپریم کورٹ نے کہا کہ اس نے گزشتہ سال دسمبر کے دوسرے ہفتے میں ریاستی حکومت کو حلف نامہ داخل کرنے کے لیے چھ ہفتے کا وقت دیا تھا اور توقع کی تھی کہ وہ 270 غیر ملکی شہریوں کو ان کی ملک بدری کے علاوہ ٹرانزٹ کیمپ میں حراست میں رکھنے کی وجوہات بھی بتائے گی ،اور اٹھائے گئے اقدامات کی تفصیلات بتائی جائیں گی۔کیس کی سماعت کے بعد سپریم کورٹ نے حلف نامہ کو سیل بند لفافے میں رکھنے کی ہدایت کی، اور کہا کہ ہم پہلی نظر میں اس وکیل سے متفق نہیں ہیں کہ مواد کے بارے میں کچھ خفیہ ہے۔

اس سے قبل سپریم کورٹ نے آسام اسٹیٹ لیگل سروسز اتھارٹی کو ہدایت دی تھی کہ وہ غیر ملکیوں کے لیے بنائے گئے مٹیا ٹرانزٹ کیمپ کا اچانک معائنہ کرے اور وہاں صفائی اور کھانے کے معیار کی جانچ کرے۔سپریم کورٹ آسام میں غیر ملکی قرار دیے گئے لوگوں کی ملک بدری اور حراستی مرکز میں سہولیات سے متعلق دائر درخواست کی سماعت کر رہی تھی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button