تلنگانہ کی خبریںجرائم و حادثاتسرورق

آنرکلنگ :لو میرج کا دردناک انجام، پتھروں سے سر کچل کر کیا گیا ہلاک

کرشنا کے والد کے مطابق ان کے بیٹے کو غیرت کے نام پر قتل کر دیا گیا۔

حیدرآباد،28جنوری :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) تلنگانہ کے سوریہ پیٹ ضلع میں پیر کی صبح اس وقت ایک چونکا دینے والا واقعہ سامنے آیا جب موسی ندی نہر کے پاس ایک دلت نوجوان کی نعش ملی۔متوفی کی شناخت وڈلکونڈا کرشنا عرف بنٹی (32) کے طور پر کی گئی ہے جو ممیل گڈہ، سوریہ پیٹ کا ساکن ہے۔ کرشنا کے والد کے مطابق ان کے بیٹے کو غیرت کے نام پر قتل کر دیا گیا۔ انھوں نے اپنی بہو کے خاندان پر قتل کا الزام لگایا ہے، جس سے علاقے میں سنسنی پھیل گئی ہے۔مقامی پولیس کے مطابق کرشنا کو اتوار کی رات قتل کیا گیا تھا۔ سوریہ پیٹ کے پولیس سپرنٹنڈنٹ سنپریت سنگھ نے کہا ہے کہ پہلی نظر میں یہ معاملہ غیرت کے نام پر قتل کا لگتا ہے، لیکن پولیس اس معاملے کے ہر پہلو کی جانچ کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مقتول کے خلاف ماضی میں بھی کچھ مقدمات درج تھے۔ اس لیے پولیس دشمنی کے زاویے سے بھی تفتیش کر رہی ہے۔

ذرائع کی مانیں تو کرشنا نے چھ ماہ قبل کوٹلہ بھارگوی نامی لڑکی سے شادی کی تھی۔بھارگوی کا تعلق تلنگانہ سے دیگر پسماندہ طبقات (او بی سی) کی گوڑ برادری سے ہے۔ بھارگوی کے گھر والوں کی طرف سے اس شادی کی مخالفت کی گئی تھی جس کی وجہ سے تنازعہ چل رہا تھا۔ کرشنا کے والد ڈیوڈ نے الزام لگایا ہے کہ بھارگو کے خاندان نے کرشنا کا قتل کیا ہے۔بھارگوی نے پولیس کو بتایا کہ اتوار کی شام کرشنا کو اس کے دوست مہیش کا فون آیا اور اس کے بعد وہ اپنا فون گھر پر چھوڑ کر باہر چلا گیا۔

کرشنا کی نعش بائک کے قریب ملی۔ اس کا چہرہ پتھروں سے کچلا گیا تھا، جسے اس کی موت کی ممکنہ وجہ بتائی جا رہی ہے۔ سوریا پیٹ دیہی پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر بالو نائک نے متوفی کی شناخت کی تصدیق کی۔ ان کا کہنا تھا کہ قتل کی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔کرشنا کے والد ڈیوڈ نے اپنی بہو کے رشتہ داروں پر قتل کا الزام لگایا ہے۔ سوریہ پیٹ دیہی پولیس نے ایک کیس درج کیا ہے اور تکنیکی اور سائنسی سراغ حاصل کرنے کے لئے تحقیقات شروع کردی ہے۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے سوریہ پیٹ کے سرکاری اسپتال بھیج دیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button