تلنگانہ کی خبریںسرورق

ریاست میں تین ماہ کے دوران 20 فیصد سے کم آپار آئی ڈی کی اجرائی

آدھار کارڈ اور اسکول کے رجسٹر میں طلباء کے نام علیحدہ درج رہنے سے سست روی

ریاست کے 6800 اسکولس میں ہنوز عمل شروع نہیں ہوا ۔ اضلاع میں ورنگل سرفہرست سب سے آخر میں ضلع گدوال

حیدرآباد: ہر طالب علم کیلئے خصوصی شناختی کارڈ ( APAAR) فراہم کرنے مرکزی حکومت نے ( آٹو میٹک پرمننٹ اکیڈیمی اکاونٹ رجسٹری ) آپار نظام کو متعارف کرایا ہے ۔ جس پر تلنگانہ میں سست روی سے عمل آوری ہورہی ہے ۔ اس عمل کے آغاز کے تین ماہ بعد تاحال 20 فیصد طلبہ کو آئی ڈی فراہم نہیں کئے گئے ۔ اس کی اصل وجہ ’ آدھار ‘ کارڈس بتائی جارہی ہے ۔ آدھار کارڈ اور اسکول رجسٹرار کے ناموں میں فرق ہونے کی وجہ سے ’ آپار ‘ میں اندراج نہیں ہورہا ہے ۔ ریاست میں اول جماعت تا انٹرمیڈیٹ 43,564 تعلیمی ادارے ہیں ۔ جن میں 72,13,127 طلبہ زیر تعلیم ہیں ۔ مرکزی حکومت نے بیرونی ممالک کی طرح ہر طالب علم کیلئے ایک آئی ڈی بنانے کا فیصلہ کیا ہے ۔

اس کے حصہ کے طور پر APAAR ID (Automated Permanent Academic Account Registry) کو متعارف کرایا گیا ہے جس کا مقصد ہر طالب علم کے تفصیلات ڈیجیٹلائز کرنا ہے ۔ آپار آئی ڈی میں اسپیشل نمبر کے ساتھ جنس ، والدین کی تفصیلات اور پتہ شامل رہے گا ۔ ایک مرتبہ تفصیلات درج کرنے کے بعد اس کو تبدیل کرنے کی کوئی گنجائش نہیں ہے ۔ تمام تفصیلات آدھار سے جوڑنے کی وجہ سے اصل مسئلہ پیدا ہورہا ہے ۔ طالب علم کا اسکول میں ایک نام اور آدھار کارڈ میں دوسرا ہونے کی وجہ سے آئی ڈی جنریٹ نہیں ہورہی ہے ۔ عہدیداروں کی جانب سے شعور بیدار نہ کرانے کی وجہ سے والدین بھی آدھار میں تبدیلیاں کرانے میں دلچسپی نہیں دکھا رہے ہیں جس کی وجہ سے عمل شروع ہو کر تین ماہ گذر جانے کے باوجود سست روی ، پائی جاتی ہے ۔

تاحال صرف 20 فیصد آئی ڈی تیار ہوئے ہیں ۔ مرکز کے دباؤ کے بعد ریاستی عہدیداروں نے بھاگ دوڑ شروع کی ہے ۔ محکمہ تعلیم کے عہدیدار بھی آپار کارڈ کی اجرائی میں توقع کے مطابق کام نہیں کررہے ہیں ۔ ریاست میں 42 ہزار سے زیادہ اسکولس ہیں جن میں 6883 ایسے اسکولس ہیں جہاں یہ عمل ابھی شروع نہیں ہوا ہے ۔ 72 لاکھ طلبہ ہیں جن میں 11.81 لاکھ طلبہ کو ہی آئی ڈی جاری ہوئے ہیں ۔ اس میں بھی چند تبدیلیوں کی درخواستیں وصول ہورہی ہیں ۔ ریاست میں آئی ڈیز کی تیاری میں ضلع ورنگل 41 فیصد کے ساتھ سرفہرست ہے ۔ جب کہ جوگولامبا ضلع 5.36 کے ساتھ آخری مقام پر ہے ۔ ریاست کے جملہ 33 اضلاع میں 21 اضلاع ایسے ہیں جہاں آپار آئی ڈی کا کام 20 فیصد سے کم ہوا ہے ۔

متعلقہ خبریں

Back to top button