بی جے پی نے لوک سبھا انتخابات کے لئے 1737 کروڑ روپئے خرچ کیے
الیکشن کمیشن کو دی گئی رپورٹ میں پارٹی نے کہا
نئی دہلی،31جنوری :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) بھاجپا نے 2024 کے لوک سبھا انتخابات کے لیے 1,737.68 کروڑ روپئے خرچ کیے ۔ اس بات کا انکشاف پارٹی کی جانب سے الیکشن کمیشن آف انڈیا کو پیش کردہ اخراجات کی رپورٹ سے ہوا ہے۔ الیکشن کمیشن کو دی گئی رپورٹ میں پارٹی نے کہا ہے کہ خرچ کی گئی کل رقم میں سے 884.45 کروڑ روپے پارٹی نے انتخابی مہم پر خرچ کئے۔ جبکہ امیدواروں کو اخراجات کے لیے 853.23 کروڑ روپے مختص کیے گئے تھے۔الیکشن کمیشن کو دی گئی رپورٹ میں بی جے پی نے کہا کہ کل رقم میں سے تقریباً 611.50 کروڑ روپے میڈیا اشتہارات پر خرچ ہوئے ہیں۔ جس میں پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا میں اشتہارات کے ساتھ ساتھ بلک ایس ایم ایس مہم بھی شامل ہے۔
اس کے علاوہ اس میں ویب سائٹ، کیبل اور ٹی وی چینلون پر تشہیری مواد پر ہونے والے اخراجات بھی شامل ہیں۔پارٹی کی طرف سے پیش کی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 55.75 کروڑ روپے اس کی انتخابی مہم کو فروغ دینے کے لیے بینرز، ہورڈنگز، پوسٹرز اور جھنڈوں جیسے تشہیری مواد پر بھی خرچ کیے گئے۔مہم سے متعلق سفری اخراجات پارٹی کے بجٹ کا ایک اور اہم جز تھے۔ پارٹی کے مرکزی ہیڈکوارٹر کے ذریعہ اختیار کردہ ’اسٹار پرچارکوں‘ کے سفری اخراجات 168.92 کروڑ روپے تھے، جبکہ دیگر پارٹی رہنماؤں کے سفر پر 2.53 کروڑ روپے خرچ کیے گئے تھے۔
بی جے پی، جس نے اپنے مسلسل تیسرے عام انتخابات میں کامیابی حاصل کی، بڑے پیمانے پر رابطہ اور تشہیر کی مہم پر انحصار کیا، جیسا کہ اس کے اخراجات کے انداز سے واضح ہے۔اس عام انتخابات میں، اگرچہ بی جے پی کو پچھلے انتخابات کے مقابلے میں کم سیٹیں ملی ہیں، لیکن این ڈی اے کو مکمل اکثریت ملی اور پی ایم مودی کی قیادت میں تیسری بار این ڈی اے کی حکومت بنی۔پی ایم مودی انتخابی مہم کے دوران اسٹار کمپینر تھے اور بی جے پی نے مودی کو سب سے آگے رکھ کر لوک سبھا کا الیکشن لڑا اور 400 کو عبور کرنے کا دعویٰ کیا، حالانکہ بی جے پی 400 کا ہندسہ عبور نہیں کرسکی۔



