بین ریاستی خبریں

سنجے رائے کیس:سی بی آئی کی عرضی کلکتہ ہائی کورٹ نے قبول کی

میڈیکل کالج عصمت دری اور قتل کیس میں مجرم سنجے رائے کو سنائی گئی

کولکاتہ،7فروری :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)کلکتہ ہائی کورٹ نے جمعہ (7 فروری 2025) کو آر جی کر میڈیکل کالج عصمت دری اور قتل کیس میں مجرم سنجے رائے کو سنائی گئی عمر قید کی سزا کے خلاف سی بی آئی کی اپیل کو قبول کر لیا۔ سی بی آئی نے ٹرائل کورٹ کے فیصلے کو چیلنج کیا تھا اور مجرم کو سزائے موت دینے کا مطالبہ کیا تھا۔اس معاملے میں مغربی بنگال حکومت نے بھی ہائی کورٹ میں اپیل دائر کی تھی، جس میں سنجے رائے کو مزید سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ تاہم جسٹس دیبانگسو باساک اور محمد صابر راشدی کی ڈویژن بنچ نے ریاستی حکومت کی اپیل پر سماعت کرنے سے انکار کر دیا۔ عدالت نے کہا کہ چونکہ اس معاملے کی جانچ سی بی آئی نے کی ہے اس لیے صرف سی بی آئی کی اپیل پر ہی سماعت کی جائے گی۔

یہ معاملہ 9 اگست 2024 کا ہے جب آر جی کار میڈیکل کالج اور اسپتال میں ڈیوٹی پر موجود طبی عملے کی عصمت دری اور قتل کر دیا گیا تھا۔ اس گھناو?نے جرم نے پوری ریاست میں غم و غصہ پیدا کر دیا تھا۔تحقیقات کے بعد پولیس نے ملزم سنجے رائے کو گرفتار کر لیا اور بعد میں کیس سی بی آئی کے حوالے کر دیا گیا۔ٹرائل کورٹ نے رائے کو مجرم قرار دیتے ہوئے عمر قید کی سزا سنائی تھی، لیکن سی بی آئی اس سزا سے مطمئن نہیں تھی اور اس نے سزائے موت کا مطالبہ کرتے ہوئے ہائی کورٹ سے رجوع کیا۔

اب سی بی آئی کی اپیل پر ہائی کورٹ میں سماعت ہوگی، جہاں ایجنسی سنجے رائے کو سزائے موت دینے کا مطالبہ کرے گی۔ ریاستی حکومت کی اپیل مسترد ہونے کے بعد اب اس کے پاس سپریم کورٹ جانے کا آپشن ہے۔ سب کی نظریں اس کیس کی اگلی سماعت پر لگی ہوئی ہیں جہاں یہ فیصلہ کیا جائے گا کہ مجرم کو سخت سزا ملے گی یا نہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button