
مغربی بنگال ٹیچر بھرتی گھوٹالہ: سپریم کورٹ نے فیصلہ رکھا محفوظ
اساتذہ بھرتی گھوٹالہ پر دائر درخواستوں کی سماعت فیصلہ محفوظ
نئی دہلی ،10فروری :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)سپریم کورٹ نے مغربی بنگال کے اساتذہ بھرتی گھوٹالہ پر دائر درخواستوں کی سماعت کے بعد اپنا فیصلہ محفوظ کرلیا ہے اور ریاستی حکومت سے بھرتی سے متعلق ڈیجیٹل ریکارڈ کے بارے میں معلومات طلب کی ہیں۔ عدالت نے خبردار کیا کہ اگر عوام کا اعتماد ختم ہوا تو سسٹم میں کچھ نہیں بچے گا۔سپریم کورٹ نے تمام فریقین کے دلائل سننے کے بعد مغربی بنگال ٹیچر بھرتی گھوٹالہ کیس میں دائر مختلف عرضیوں پر اپنا فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔عرضی گزاروں کی جانب سے سینئر وکیل مکل روہتگی، رنجیت کمار، ابھیشیک منو سنگھوی، دشینت دوے،وغیرہ نے دونوں فریقوں کی نمائندگی کی۔ سپریم کورٹ نے کولکاتہ ہائی کورٹ کے حکم پر جزوی روک لگا دی ہے، جس میں ہائی کورٹ نے کہا تھا کہ ہائی کورٹ کے حکم کے مطابق سی بی آئی کوئی ٹھوس کارروائی نہیں کرے گی۔
عدالت نے کہا تھا کہ یہ ایک بہت ہی محدود مسئلہ ہے کہ آیا پورے امتحان کو منسوخ کر دینا چاہیے تھا یا ہم ان امیدواروں کی شناخت کرنے میں کامیاب رہے جن کے ساتھ غلط کیا گیا تھا۔ اس مسئلہ کو پیچیدہ نہ بنایا جائے۔ کیس کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے کہا تھا کہ حکام 25,753 اساتذہ اور غیر تدریسی عملے کی تقرری سے متعلق ڈیجیٹل ریکارڈ کو برقرار رکھنے کے پابند ہیں۔ عدالت نے مغربی بنگال حکومت کی جانب سے پیش ہونے والے وکیل سے پوچھا تھا کہ سرکاری ملازمتیں بہت کم ہیں۔ عوام کا اعتماد ختم ہوا تو کچھ نہیں بچے گا۔یہ انتظامی فراڈ ہے۔ اگر ان کی تقرریوں میں بھی بدنامی ہوئی تو پھر سسٹم میں کیا رہ جائے گا۔



