انتظامیہ سے اجازت نہ ملنے کے بعد ہائی کورٹ نے دی آرایس ایس کو ریلی کی اجازت
جج نے بنگال حکومت کے اعتراض کو مسترد کرتے ہوئے آر ایس ایس کی ریلی کو مشروط اجازت دے دی
بردوان؍ کولکاتہ ،14فروری:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)کلکتہ ہائی کورٹ نے آر ایس ایس کو مغربی بنگال کے بردوان میں ریلی نکالنے کی اجازت دے دی ہے۔ یہاں 16 فروری 2025 کو آر ایس ایس کی ریلی ہونے والی ہے، جس کے لیے مغربی بنگال پولیس نے فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور سکینڈری امتحانات کے پیش نظر ریلی کی اجازت دینے سے انکار کر دیا تھا۔ اس کے بعد آر ایس ایس نے عدالت سے رجوع کیا تھا۔ایک خبر رساں ایجنسی رپورٹ کے مطابق کلکتہ ہائی کورٹ کے جج نے بنگال حکومت کے اعتراض کو مسترد کرتے ہوئے آر ایس ایس کی ریلی کو مشروط اجازت دے دی ہے۔ آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت کے بھی اس ریلی میں شرکت کا امکان ہے۔ کلکتہ ہائی کورٹ نے کہا کہ ریلی پرامن طریقے سے نکالی جائے اور کم بھیڑ رکھی جائے۔
بنگال پولیس نے یہ کہتے ہوئے اجازت دینے سے انکار کر دیا تھا کہ مغربی بنگال بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن کے ذریعہ 10ویں جماعت کے امتحانات اس وقت جاری ہیں اور اس لئے لاؤڈ سپیکر کا استعمال ممنوع ہے۔ جج نے کہا کہ آر ایس ایس کی ریلی اتوار کو ہونی ہے اور پروگرام صرف 1 گھنٹہ 15 منٹ کا ہوگا، اس لیے عدالت یہ نہیں سمجھتی کہ اس سے کسی کو تکلیف ہوگی۔عدالت نے ریلی کو پرامن طریقے سے منعقد کرنے اور کم بھیڑ رکھنے کا حکم دیا۔یہاں ریلی کے بعد موہن بھاگوت علاقائی آر ایس ایس لیڈران، مقامی کارکنوں اور بردوان اور آس پاس کے علاقوں کے سرکردہ لوگوں سے بھی ملاقات کریں گے۔ توقع ہے کہ ان ملاقاتوں میں تنظیمی ترقی، کمیونٹی کی رسائی، آر ایس ایس کی قیادت اور مقامی اسٹیک ہولڈرز کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔



