سرورققومی خبریں

سرسید احمد خان کی بائیوپک ٹیلی کاسٹ کرنے سے دوردرشن کا انکار

دوردرشن کے جواب کے بعد پروڈیوسر شعیب چوہدری انتہائی ناراض

نئی دہلی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے بانی سر سید احمد خان کی بائیوپک کو بین الاقوامی سطح پر OTT پلیٹ فارم پر ریلیز کیا گیا ہے، لیکن دوردرشن چینل نے اسے پرسار بھارتی کے OTT پر نشر کرنے سے صاف انکار کر دیا ہے۔ فلم ‘سر سید احمد خان: دی مسیحا’ حال ہی میں ریلیز ہوئی ہے۔ یہ بائیوپک سرسید خان کی زندگی پر بنائی گئی ہے۔ فلم پروڈیوسر کا کہنا تھا کہ لگتا ہے سیاسی آقاؤں کو خوش کرنے کے لیے سر سید احمد خان کی بائیوپک کو ٹیلی کاسٹ کرنےسے انکار کیا گیا۔

پرسار بھارتی کے پروگرام ایگزیکٹیو نے ممبئی کے پروڈکشن ہاؤس ڈارک ہارس پروڈکشن کو لکھے گئے اپنے خط میں یہ جانکاری دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے آپ کو یہ بتانے کی ہدایت کی گئی ہے کہ آپ کی سرسید احمد خان پر مبنی پروگرام کی پیشکش کو قبول نہیں کیا گیا ہے۔ PB OTT آئندہ پلیٹ فارمز پر ریونیو شیئرنگ موڈ (RSM) کے تحت براڈکاسٹ/اسٹریم کرنے کا اہل نہیں ہو سکتا۔

دوردرشن کے جواب کے بعد پروڈیوسر شعیب چوہدری انتہائی ناراض نظر آئے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ڈی ڈی کے لیے جو سیریل بنایا وہ ڈی ڈی کی تاریخ میں سب سے طویل عرصے تک چلا۔ یہ چونکا دینے والی بات ہے کہ سرسید پر میری بایوپک، ایک سرکردہ اصلاح پسند اور ماہر تعلیم، نیشنل پبلک براڈکاسٹر کے OTT پلیٹ فارم پر اسٹریمنگ کے لیے کوالیفائی کرنے میں ناکام رہی۔ ایسا لگتا ہے کہ ڈی ڈی نے اپنے سیاسی آقاؤں کو خوش کرنے کے لیے میری تجویز کو منسوخ کر دیا ہے۔

سرسید کی زندگی پر بننے والی یہ بائیوپک ان کی سوانح حیات ‘حیات جاوید’ (Hayat-E-Javed) پر مبنی ہے۔ فلم میں سرسید کی جدوجہد اور کوششوں کو دکھایا گیا ہے کہ کیسے وہ ہندوستانی مسلم کمیونٹی کے لیے تعلیم اور سماجی اصلاح کے لیے تحریک کا ذریعہ بنے۔ 2020 میںعلی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی صد سالہ تقریبات کے دوران، وزیر اعظم نریندر مودی نے اے ایم یو کیمپس کو ‘منی انڈیا’ قرار دیا۔

اے ایم یو اولڈ بوائز ایسوسی ایشن، دہلی این سی آر کے صدر مدثر حیات نے کہا کہ سرسید جیسے عظیم لیڈر کی زندگی کی کہانی ملک بالخصوص نئی نسل کو دکھائی جانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بائیوپک بہت سی غلط فہمیوں کو دور کر سکتی ہے اور نئی نسل کو تعلیم کو ترقی کا ذریعہ بنانے کی ترغیب دے سکتی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button