
امریکہ سے ڈی پورٹ ہونے والے ہندوستانیوں کے معاملے میں پہلی کارروائی، امرتسر میں 40 ٹراویل ایجنٹس کے لائسنس منسوخ
پنجاب پولیس نے متاثرین کے بیانات قلمبند کیے
امرتسر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)پنجاب حکومت امریکہ سے ڈی پورٹ ہو کر بھارت پہنچنے والے بھارتی شہریوں کے معاملے میں مسلسل کارروائی کر رہی ہے۔ پیر کو امرتسر انتظامیہ نے اس معاملے میں ٹراویل ایجنٹوں کے خلاف بڑی کارروائی کی۔ امرتسر کے 40 ٹراویل ایجنٹوں کے خلاف کارروائی کی گئی ہے اور ان کے لائسنس منسوخ کر دیے گئے ہیں۔چند روز قبل پنجاب پولیس کی اسپیشل انویسٹی گیشن ٹیم (SIT) نے معصوم لوگوں کو دھوکہ دینے والے غیر قانونی امیگریشن نیٹ ورک کے خلاف بڑی کارروائی کی تھی۔ یہ کارروائی ان ہندوستانی شہریوں سے متعلق تھی جنہیں امریکہ سے ڈی پورٹ کر کے امرتسر بھیج دیا گیا تھا۔
پنجاب پولیس نے متاثرین کے بیانات قلمبند کیے ہیں، جن میں کہا گیا ہے کہ کچھ ٹراویل ایجنٹس نے انہیں غیر قانونی طور پر امریکہ بھیجنے کا جھوٹا وعدہ کرکے دھوکہ دیا۔ ان شکایات کی بنیاد پر، پولیس نے کل 8 ایف آئی آر درج کیں، جن میں سے 2 ایف آئی آر ضلع پولیس میں اور 6 پنجاب پولیس کے این آر آئی افیئرز ونگ میں درج کی گئیں۔
امریکہ سے پانامہ بھیجے گئے 12 ہندوستانی شہریوں کو لے کر ایک پرواز اتوار کی شام نئی دہلی کے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہنچی۔ یہ ہندوستانیوں کی پہلی کھیپ تھی جسے پانامہ سے واپس لایا گیا تھا۔ اس سے قبل امریکہ نے تقریباً 332 غیر قانونی تارکین وطن کو ملک بدر کیا تھا جو غیر قانونی طور پر امریکہ میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔
حال ہی میں امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے پانامہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پانامہ کے صدر سے ملاقات کی۔ دونوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پانامہ ڈی پورٹ ہونے والے ممالک کے درمیان ایک پل کا کام کرے گا اور امریکہ ڈی پورٹ کیے جانے والوں کو ان کے ملک بھیجنے کا سارا خرچ برداشت کرے گا۔ اس کے بعد گزشتہ ہفتے تقریباً 299 افراد کو تین طیاروں میں پانامہ بھیجا گیا۔



