تلنگانہ کی خبریںسرورق

برڈ فلو، میدک اور سنگاریڈی میں گزشتہ 4 دِنوں میں 10 ہزار مرغیاں فوت

مٹن ، بیف اور فش کی بڑھتی قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں حکومت اور جی ایچ ایم سی ناکام

حیدرآباد:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) حکومت اور پولٹری فارمس مالکین کی جانب سے تلنگانہ میں برڈ فلو نہ ہونے کا دعویٰ کیا جارہا ہے اور شہر کے علاوہ اضلاع میں عوام میں پائے جانے والے خوف کو دُور کرنے کیلئے مفت چکن تقسیم کیا جارہا ہے لیکن ریاست کے مختلف مقامات پر مرغیوں کے مرنے کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔ اضلاع میدک اور سنگاریڈی میں گزشتہ چار دن کے دوران 10 ہزار سے زائد مرغیاں فوت ہوگئی ہیں جس سے عوام میں تشویش میں اضافہ ہوگیا ہے۔ تین دن قبل ضلع سنگاریڈی کے چوٹ کور منڈل میں واقع ایک پولٹری فارم میں تقریباً 9 ہزار مرغیاں مرگئیں۔ ایک ہفتہ پہلے اسی منڈل کے تاڑدان پلی ٹول گیٹ کے قریب میں واقع ایک پولٹری فارم میں لگ بھگ 600 مرغیاں مرگئیں۔ ویٹرنری ڈاکٹر وشال کمار نے پولٹری فارم کا معائنہ کرتے ہوئے مرغیوں کے نمونے حاصل کئے۔

ضلع میدک کے کولچارم منڈل میں واقع این جلال پور گاؤں میں اتوار کے دن ایک پولٹری فارم میں 1100 مرغیاں فوت ہوگئیں جنہیں ٹریکٹر کے ذریعہ گاؤں سے دُور لے جاکر دفنا دیا گیا۔ اس طرح ریاست کے کسی نہ کسی ضلع میں مرغیاں فوت ہونے کا سلسلہ جاری ہے جس سے عوام میں خوف پایا جارہا ہے لیکن حکومت اور پولٹری فارم انتظامیہ کی جانب سے برڈ فلو کی تردید کرتے ہوئے لوگوں کو چکن کھانے کا مشورہ دیا جارہا ہے۔ عوام میں پائے جانے والے ڈر کو دور کرنے کیلئے شہر اور اضلاع کے مختلف مقامات پر چکن پکاکر مفت تقسیم کیا جارہا ہے۔ عوام مفت میں بانٹے گئے چکن تو لے رہے ہیں لیکن چکن سنٹرس پر جاکر نہیں خرید رہے ہیں۔ برڈ فلو کے باعث عوام چکن کے متبادل کے طور پر مٹن، بیف اور فش کو ترجیح دے رہے ہیں چنانچہ اس کے ڈیمانڈ کو دیکھتے ہوئے ان تینوں کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا ہے۔

مٹن 1200 روپئے فی کیلو جبکہ ہڈی کے ساتھ 1000 روپئے فی کیلو فروخت ہورہا ہے جبکہ بیف 400 روپئے فی کیلو فروخت ہورہا ہے۔ اسی طرح فش میں بھی فی کیلو 50 تا 100 روپئے کا اضافہ کردیا گیا ہے۔ سرکاری اداروں کی جانب عوام کو چکن کھانے کی ترغیب تو دی جارہی ہے لیکن مٹن، بیف اور فش کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے کوئی اقدامات نہیں کئے جارہے ہیں۔ یہاں تک کہ جی ایچ ایم سی بھی خاموش تماشائی بنا ہوا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button