58 گھنٹے تک بوسہ دینے کا عالمی ریکارڈ بنانے والے جوڑے کی طلاق، انٹرنیٹ صارفین حیران
یہ جوڑا 2013 میں گنیز ورلڈ ریکارڈ بنانے میں کامیاب ہوا تھا
بینکاک:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) 58 گھنٹے 35 منٹ تک مسلسل بوسہ لینے کا عالمی ریکارڈ بنانے والے مشہور تھائی جوڑے اکاچائی اور لکشنا تیرانارت نے علیحدگی کا اعلان کر دیا، جس پر ان کے مداح حیران اور مایوس ہو گئے۔یہ جوڑا 2013 میں گنیز ورلڈ ریکارڈ بنانے میں کامیاب ہوا تھا، لیکن یہ کارنامہ انجام دینا بالکل آسان نہیں تھا۔ اس کے لیے دونوں نے دو دن سے زیادہ بغیر سوئے کھڑے رہ کر ایک دوسرے کو گلے لگایا اور مسلسل بوسہ دیتے رہے۔ تاہم، اب ان کی علیحدگی کی خبر نے انٹرنیٹ صارفین کو حیرت میں ڈال دیا ہے، اور سوشل میڈیا پر دلچسپ تبصرے کیے جا رہے ہیں۔
علیحدگی کی وجوہات سامنے نہ آسکیں
ابھی تک تھائی جوڑے نے اپنی علیحدگی کی وجوہات واضح نہیں کی ہیں، لیکن انہوں نے اعتراف کیا کہ وقت گزرنے کے ساتھ وہ آہستہ آہستہ ایک دوسرے سے دور ہو گئے۔ ایکاچائی نے ایک پوڈ کاسٹ میں بات کرتے ہوئے کہا، "یہ دکھی دل کے ساتھ ہے کہ ہم اپنی ذاتی زندگی کے بارے میں یہ معلومات دے رہے ہیں۔” انہوں نے اپنی مشترکہ زندگی کے لمحات کو یاد کیا اور ایک دوسرے کا شکریہ ادا کیا، لیکن ساتھ ہی تسلیم کیا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ وہ اپنی راہیں جدا کر لیں۔
بچوں کی پرورش پر اتفاق
اگرچہ ان کے رومانوی تعلقات ختم ہو چکے ہیں، لیکن جوڑے نے کہا کہ وہ ایک دوسرے کا احترام برقرار رکھیں گے اور اپنے بچوں کی پرورش کے لیے ساتھ کام کریں گے۔ ان کے مطابق، خاندان سے متعلق تمام فیصلے باہمی رضامندی سے کیے جائیں گے۔
عالمی ریکارڈ اور بڑا انعام
اکاچائی اور لکشنا نے 2013 میں طویل ترین بوسے کا گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کیا تھا، اس سے قبل 2011 میں بھی انہوں نے یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔ 2013 میں جیت کے بعد انہیں بین الاقوامی شہرت ملی اور انہوں نے 100,000 تھائی بھات کا انعام بھی جیتا۔ اس کے علاوہ، جوڑے کو 100,000 بھات (تقریباً 2,200 یورو) مالیت کی ہیروں کی دو قیمتی انگوٹھیاں بھی ملیں۔
انٹرنیٹ صارفین اس خبر پر حیرانی کا اظہار کر رہے ہیں، کیونکہ یہ وہی جوڑا تھا جو اپنی بے مثال محبت اور انتھک قربت کے لیے جانا جاتا تھا۔
اردو دنیا واٹس ایپ گروپ میں شامل ہونے کے لیے نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں



