حیدرآباد: سڑکوں اور عام مقامات پر کچرا پھینکنے پر ای۔ چالان
جی ایچ ایم سی کی جانب سے خصوصی ایپ کی تیاری ، آئندہ ہفتہ سے عمل
حیدرآباد:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) حیدرآباد میں صفائی اور شہریوں کو زیادہ ذمہ دار بنانے کے لیے جی ایچ ایم سی کی جانب سے خصوصی مہم کا آغاز کیا گیا ہے۔ ۔ ’’سوچھ‘‘ پروگرام پر عمل آوری کے حصہ کے طور پر سڑکوں اور عام مقامات پر کچرا ، گھریلو تعمیری ملبہ اور دیگر اشیاء پھینکنے کے خلاف جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ٹریفک قواعد کی خلاف ورزی پر جس طرح پولیس کی جانب سے ای۔ چالانات روانہ کئے جارہے ہیں، اسی طرز پر کچرا ڈالنے والوں کو بھی ای۔ چالان عائد کرنے کیلئے ایک خصوصی ایپ تیار کیا گیا ہے۔
GHMC کے ایڈشنل کمشنر سی ایم رگھو پرساد نے بتایا کہ جاریہ ہفتہ ایپ کے بارے میں عملہ کو تربیت دی جائے گی۔ اس کے بعد اس پر عمل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ قواعد کی خلاف ورزی پر ایپ خودبخود جرمانہ جنریٹ کرے گا اور UPI کے ذریعہ جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔ ایڈشنل کمشنر نے کہا کہ ٹریفک پولیس کے طرز پر AOMHs، DEEs، ACPs اور دیگر عہدیدار ای۔ چالان جاری کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ 3 مارچ تک سڑکوں اور عام مقامات پر کچرا ڈالنے والوں کے خلاف 2 لاکھ 33 ہزار روپئے کے جرمانے عائد کئے گئے۔
تعمیری ملبہ منتقل کرنے کے حصہ کے طور پر شہر کے 30 حلقوں میں 4 ایجنسیوں کو ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ اس کے علاوہ شہر کے مختلف علاقوں میں تعمیری ملبہ سڑکوں پر چھوڑ دینے کے خلاف سخت کارروائی کی گئی ہے۔ 4 مہینے کے دوران ایسے افراد کے خلاف جرمانے عائد کرتے ہوئے 54.15 لاکھ روپئے وصول کئے گئے۔



