قومی خبریں

بارہمولہ کے رکن پارلیمنٹ رشید انجینئر کو بڑا جھٹکا، حراستی پیرول کی درخواست مسترد

عدالت نے این آئی اے کو نوٹس جاری کیا تھا

نئی دہلی :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)بارہمولہ سے رکن پارلیمنٹ رشید انجینئر کو بڑا دھچکا لگا ہے۔ پٹیالہ ہاؤس کورٹ نے پارلیمنٹ کے اجلاس میں شرکت کے لیے ان کی حراستی پیرول کی درخواست مسترد کر دی۔ اس فیصلے کے بعد وہ پارلیمنٹ کے جاری اجلاس میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔ عدالت نے رشید انجینئر کی باقاعدہ ضمانت کی درخواست پر 19 مارچ کو فیصلہ سنانے کا اعلان کیا ہے۔

عدالت نے این آئی اے کو نوٹس جاری کیا تھا

پٹیالہ ہاؤس کورٹ نے قومی تحقیقاتی ایجنسی (NIA) کو 3 مارچ کو نوٹس جاری کر کے جواب طلب کیا تھا۔ فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔ رشید کے وکیل نے 27 فروری کو یہ درخواست دائر کی تھی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ وہ عوامی نمائندے کی حیثیت سے پارلیمنٹ کے اجلاس میں شرکت کے اہل ہیں۔

لوک سبھا انتخابات میں کامیابی اور عبوری ضمانت

شیخ عبدالرشید، جو انجینئر رشید کے نام سے جانے جاتے ہیں، نے 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں بارہمولہ سیٹ سے عمر عبداللہ کو شکست دی تھی۔ اس سے قبل، 10 ستمبر کو انہیں جموں و کشمیر  انتخابات کے دوران عبوری ضمانت دی گئی تھی، تاہم 27 اکتوبر کو وہ دوبارہ تہاڑ جیل میں واپس چلے گئے۔

ٹیرر فنڈنگ کیس میں گرفتاری

رشید انجینئر 2019 سے تہاڑ جیل میں قید ہیں۔ انہیں NIA نے 2017 میں دہشت گردی کی فنڈنگ ​​کے ایک مقدمے میں غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ (UAPA) کے تحت گرفتار کیا تھا۔

دہلی ہائی کورٹ کا حکم اور NIA کی تحقیقات

24 فروری کو دہلی ہائی کورٹ نے پٹیالہ ہاؤس کورٹ کے جج کو رشید کی ضمانت پر جلد فیصلہ سنانے کی ہدایت کی تھی۔ NIA کی تحقیقات میں کشمیری تاجر ظہور وٹالی سے تفتیش کے دوران رشید کا نام سامنے آیا تھا۔ وٹالی پر کشمیر میں دہشت گرد گروپوں اور علیحدگی پسندوں کو فنڈ فراہم کرنے کا الزام تھا۔

NIA کی چارج شیٹ میں دیگر نام شامل

این آئی اے نے اس کیس میں متعدد افراد کے خلاف چارج شیٹ داخل کی تھی، جن میں کشمیری علیحدگی پسند رہنما یاسین ملک، لشکر طیبہ کے بانی حافظ سعید، اور حزب المجاہدین کے سربراہ سید صلاح الدین کے نام شامل ہیں۔


🔗 مزید خبروں کے لیے ہمارا واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

🌍 اردو دنیا نیوز – واٹس ایپ گروپ
ادب، خبریں، اسلامی معلومات اور دیگر دلچسپ موضوعات کے لیے ہمارا واٹس ایپ گروپ جوائن کریں۔
🔗 گروپ جوائن کریں

متعلقہ خبریں

Back to top button