سوئٹزرلینڈ:قانون کی خلاف ورزی پر گاڑی کی قیمت سے دگنا جرمانہ-حیران کن واقعہ
وکیل پر ایسا جرمانہ کہ پوری بی ایم ڈبلیو خریدی جا سکتی ہے
کینٹن آرگاؤ:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)سوئٹزرلینڈ میں ایک وکیل کو موٹروے پر ڈرائیونگ کے دوران ٹیل گیٹنگ (اگلی گاڑی کے پیچھے بہت کم فاصلہ رکھ کر ڈرائیونگ) کرنے پر ایک لاکھ 10 ہزار امریکی ڈالر کے مساوی جرمانہ کیا گیا۔
سوئٹزرلینڈ کے سخت ٹریفک قوانین
وسطی یورپی ملک سوئٹزرلینڈ قوانین پر سختی سے عملدرآمد اور بھاری جرمانوں کے لیے مشہور ہے۔ یہ ان چند ممالک میں شامل ہے جہاں ٹریفک خلاف ورزی پر جرمانے کا حساب خلاف ورزی کرنے والے کی قابل ٹیکس آمدنی کے مطابق لگایا جاتا ہے۔ اس قانون کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ غریب اور امیر دونوں کے لیے جرمانے کا اثر یکساں ہو۔
مثال کے طور اگر 300 ڈالر جرمانہ کیا جائے تو کم آمدنی والے کےلیے تو یہ بہت ہے لیکن کسی کروڑ پتی کےلیے سمندر میں قطرے کے مترادف ہے۔ سوئس قوانین کے مطابق معمولی جرائم پر بھی دولت مند لوگوں پر زیادہ جرمانہ کیا جاتا ہے۔
وکیل پر جرمانے کی تفصیلات
یہ واقعہ 2023 میں اس وقت پیش آیا جب سوئس کینٹن آرگاؤ کے ایک 58 سالہ وکیل کو پولیس نے جرمن سرحد کے قریب زیورخ سے لوزان جانے والی موٹر وے پر ٹیل گیٹنگ کرنے پر روکا۔ عدالت نے ان پر لاپرواہی سے ڈرائیونگ کرنے پر ان کی سالانہ قابل ٹیکس آمدنی (18 لاکھ امریکی ڈالر) کی بنیاد پر ایک لاکھ 9 ہزار 500 ڈالر کا جرمانہ عائد کیا۔
وکیل کی اپیل اور سوئس سپریم کورٹ کا فیصلہ
وکیل نے اس جرمانے کے خلاف اپیل دائر کی اور موقف اختیار کیا کہ سوئس قوانین میں ٹیل گیٹنگ کے حوالے سے کوئی واضح حد مقرر نہیں ہے، اس لیے ان پر کیا گیا جرمانہ غیر منصفانہ ہے۔ تاہم، شواہد کے مطابق وہ 74 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے اگلی گاڑی کے صرف 26 سے 40 فٹ پیچھے ڈیڑھ میل تک ڈرائیونگ کرتے رہے۔ گزشتہ ماہ سوئس سپریم کورٹ نے اس مقدمے میں موٹروے حکام کا فیصلہ برقرار رکھا۔پولیس کی فراہم کردہ تصاویر میں وکیل کی گاڑی کو اگلی گاڑی سے بہت قریب دکھایا گیا، جسے عدالت نے ٹھوس ثبوت کے طور پر تسلیم کیا۔ مزید برآں، عدالت نے وکیل کو 13,000 فرانک ($14,500) عدالت کے اخراجات کے طور پر بھی ادا کرنے کا حکم دیا۔
109,500 ڈالر جرمانے میں دو گاڑیاں خریدی جا سکتی ہیں!
دلچسپ امر یہ ہے کہ وکیل خلاف ورزی کے وقت بی ایم ڈبلیو 540d سیڈان چلا رہے تھے اور ان پر عائد کیے گئے 109,500 ڈالر کے جرمانے سے اسی ماڈل کی دو گاڑیاں خریدی جا سکتی ہیں۔
خوش قسمتی سے، وکیل کے لیے ایک رعایت رکھی گئی ہے۔ ان کا جرمانہ دو سال کے لیے معطل کر دیا گیا ہے، یعنی اگر وہ آئندہ دو سال تک کوئی اور خلاف ورزی نہیں کرتے تو انہیں یہ بھاری رقم ادا نہیں کرنی پڑے گی۔ تاہم، اگر وہ دوبارہ کوئی جرم کرتے ہیں، تو انہیں پورے $109,500 قومی خزانے میں جمع کرانے ہوں گے۔
سوئٹزرلینڈ میں ٹریفک قوانین کیوں سخت ہیں؟
سوئٹزرلینڈ میں ٹریفک قوانین کو سخت بنانے کا بنیادی مقصد روڈ سیفٹی کو یقینی بنانا ہے۔ ان قوانین کے تحت معمولی جرائم پر بھی دولت مند افراد پر بھاری جرمانے عائد کیے جاتے ہیں تاکہ قانون کا نفاذ سب پر یکساں ہو۔
🌍 اردو دنیا نیوز کے ساتھ باخبر رہیں!
گروپ جوائن کرنے کے لیے لنک پر کلک کریں:
🔗 اردو دنیا نیوز واٹس ایپ گروپ



