بین الاقوامی خبریں

نائیجیریا: مسجد پر دہشت گرد حملہ، 44 نمازی شہید

دہشت گردوں نے مسجد کو نشانہ بنایا

لاگوس :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)نائیجریہ میں ایک دہشت گرد حملے کے نتیجے میں کم از کم 44 شہری شہید ہوگئے۔ یہ حملہ "داعش في الصحراء الكبرى” کے دہشت گردوں نے اس وقت کیا جب نمازی جمعہ کی نماز ادا کر رہے تھے۔ یہ واقعہ "فامبیٹا” نامی گاؤں میں پیش آیا، جو نائیجریہ، برکینا فاسو اور مالی کی سرحد کے قریب واقع ہے۔

بے رحمانہ حملہ

نائیجریہ کی وزارت داخلہ کے مطابق، دہشت گردوں نے مسجد کو نشانہ بنایا اور نمازیوں کو گھیر کر وحشیانہ قتل عام کیا۔ 44 افراد شہید اور 13 زخمی ہوئے، جن میں سے 4 کی حالت تشویشناک ہے۔ حکومت نے 72 گھنٹوں کا قومی سوگ منانے کا اعلان کیا۔

جمعہ، رمضان اور مقدس مقام کو نشانہ بنایا گیا

حکومت نے حملے کو انتہائی سفاک قرار دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں نے جمعہ کے دن، رمضان کے مقدس مہینے میں، مسجد کے اندر قتلِ عام کیا، جس سے ان کے ناپاک عزائم واضح ہوتے ہیں۔ حملے کے بعد بازار اور گھروں کو بھی نذرِ آتش کر دیا گیا۔

ماضی میں بھی حملہ

یہی گاؤں گزشتہ دسمبر میں بھی داعش کا نشانہ بنا تھا، جب دہشت گردوں نے 20 سے زائد افراد کو قتل کر دیا تھا، جن میں ایک اسکول کے پرنسپل اور مقامی معززین شامل تھے۔

نائیجریہ کی جوابی کارروائی

وزیر داخلہ سالیفو موڈی نے کہا کہ دہشت گردی کا کوئی مذہب نہیں اور یہ حملہ اس بات کا ثبوت ہے کہ دہشت گرد اسلام کے بھی دشمن ہیں۔ حکومت نے حملہ آوروں کے خلاف فوجی آپریشن شروع کر دیا اور یقین دہانی کرائی کہ ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

"مثلثِ موت” اور داعش کی سرگرمیاں

یہ حملہ تلابیری کے علاقے میں ہوا، جو نائیجریہ، مالی اور برکینا فاسو کے سرحدی علاقے کو جوڑنے والا "مثلثِ موت” کہلاتا ہے۔ یہ علاقہ داعش اور القاعدہ کے لیے ایک گڑھ بن چکا ہے، جہاں دہشت گرد تجارت، اسمگلنگ اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں سے مالی وسائل حاصل کرتے ہیں۔

نائیجریہ میں سیکیورٹی بحران

نائیجریہ 2023 سے سیاسی بحران کا شکار ہے، جب فوج نے صدر محمد بازوم کا تختہ الٹ کر اقتدار سنبھالا۔ فوجی حکومت نے فرانس اور امریکہ سے سیکیورٹی معاہدے ختم کر کے روس اور "ویگنر گروپ” سے تعاون شروع کر دیا، لیکن اس کے باوجود دہشت گرد حملے کم نہیں ہوئے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button