بھارت کے امیرترین مسلمان، جو بڑے تائیکون کی کمائی کے برابر رقم عطیہ کرتے ہیں
بھارت کے امیرترین مسلمان جو روزانہ کروڑوں روپے عطیہ کرتے ہیں
نئی دہلی ، 2 اپریل (اردودنیا.اِن/ایجنسیز)بھارت میں جب امیر ترین افراد کا ذکر ہوتا ہے تو اڈانی، امبانی، ٹاٹا اور برلا جیسے بڑے بزنس مینوں کے نام لیے جاتے ہیں، لیکن بلومبرگ کی ارب پتی افراد کی فہرست میں ایک بھارتی مسلمان بھی شامل ہیں جو اپنی دولت اور فیاضی کی وجہ سے منفرد مقام رکھتے ہیں۔
عظیم پریم جی، جو 1947 میں ممبئی میں پیدا ہوئے، بھارت کے امیر ترین مسلمانوں میں شامل ہیں۔ انڈیا ڈاٹ کام کی رپورٹ کے مطابق ان کی دولت کا حجم 27.8 ارب ڈالر ہے اور وہ روزانہ اتنی بڑی رقم عطیہ کرتے ہیں جتنا بھارت کے کئی امیر ترین افراد کمانے کا خواب بھی نہیں دیکھ سکتے۔ رپورٹس کے مطابق، عظیم پریم جی کا خاندان روزانہ تقریباً 27 کروڑ بھارتی روپے عطیہ کرتا ہے، جو بھارت میں فلاحی کاموں کی سب سے بڑی رقم میں سے ایک ہے۔
خاندانی پس منظر اور کاروباری کامیابی
عظیم پریم جی کے والد محمد پریم جی کا میانمار میں چاول کا کاروبار تھا، لیکن آزادی کے بعد انہوں نے بھارت آکر اپنا کاروبار یہاں قائم کیا۔ عظیم پریم جی بھارت کی مشہور آئی ٹی کمپنی "وائپرو” کے بانی ہیں، جو دنیا کی بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں میں شمار ہوتی ہے۔
بھارت کے امیر ترین مسلمان
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، ہورون انڈیا فلنتھروپی لسٹ 2021 کے مطابق عظیم پریم جی نے مالی سال 21-2020 کے دوران 9,713 کروڑ بھارتی روپے عطیہ کیے، جو روزانہ 27 کروڑ روپے بنتے ہیں۔ فوربز کے مطابق 22 فروری 2025 کو عظیم پریم جی بھارت کے امیر ترین مسلمان بن گئے، اور ان کی دولت 12.2 ارب ڈالر تک پہنچ گئی، جس سے وہ بھارت کے امیر ترین افراد میں 19ویں نمبر پر آگئے۔ عالمی سطح پر، وہ دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست میں 195ویں نمبر پر موجود ہیں۔



