سرورققومی خبریں

راہل گاندھی بیگوسرائے پہنچے، ‘نقل مکانی روکو، نوکری دو’ یاترا میں جوش و خروش سے شرکت

راہل گاندھی کا بیگوسرائے میں شاندار استقبال

بیگوسرائے، 7 اپریل (اردو دنیا نیوز/ایجنسیز):بھلے ہی بہار میں اسمبلی انتخابات اکتوبر-نومبر میں ہونے کے امکانات ہیں، کانگریس پارٹی نے اپنی سیاسی زمین کو دوبارہ حاصل کرنے کی کوششیں تیز کر دی ہیں۔ اسی سلسلے میں کانگریس کے سینئر رہنما اور رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی پیر کو بیگوسرائے پہنچے اور "نقل مکانی روکو، نوکری دو” یاترا میں بھرپور شرکت کی۔

راہل گاندھی کے بیگوسرائے پہنچتے ہی کانگریس کارکنوں میں زبردست جوش و خروش دیکھنے کو ملا۔ ہزاروں کانگریسی لیڈر، کارکن اور حامی ان کے ساتھ مارچ میں شریک ہوئے۔ مارچ کے دوران حامی راہل گاندھی پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کرتے نظر آئے۔ کانگریس کارکنوں نے سفید ٹی شرٹ پہن کر پارٹی کی یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔

یہ یاترا بیگوسرائے کے آئی ٹی آئی گراؤنڈ سے شروع ہوئی، جس کا مقصد بہار میں روزگار کی کمی اور نوجوانوں کی بڑے پیمانے پر نقل مکانی کے مسئلے کو اجاگر کرنا ہے۔

کانگریس کا پیغام: "نوجوانوں کو ان کا حق دو”

کانگریس پارٹی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (X) پر لکھا:

"قائد حزب اختلاف راہول گاندھی نے آج ‘نقل مکانی روکو، نوکریاں دو’ یاترا میں شرکت کرکے اس پیغام کو مزید مستحکم کیا۔ ہمارا مقصد یہ ہے کہ بہار کے نوجوانوں کو اپنے ہی وطن میں روزگار ملے، تاکہ انہیں روزی روٹی کی تلاش میں ریاست سے باہر نہ جانا پڑے۔”

ایک اور پوسٹ میں کہا گیا:

’’مائیگریشن روکو نوکری دو یاترا میں، ہم بہار کے نوجوانوں کی آواز کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔ نوجوانوں کو انصاف ملنے تک بے روزگاری، مہنگائی، پیپر لیک اور نقل مکانی کے خلاف ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔‘‘

راہل گاندھی کا یہ دورہ بہار میں ان کا حالیہ ہفتوں میں تیسرا دورہ ہے، جو اس بات کی علامت ہے کہ کانگریس پارٹی بہار میں اپنی سیاسی حیثیت مضبوط کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔

آج شام راہل گاندھی پٹنہ کے سری کرشنا میموریل ہال میں "آئین تحفظ کانفرنس” میں شرکت کریں گے۔ بعد ازاں وہ صداقت آشرم میں پارٹی لیڈرشپ سے ملاقات کریں گے اور رات کو دہلی واپس روانہ ہوں گے

متعلقہ خبریں

Back to top button