ممبئی، ۸؍ اپریل (اردو دنیا نیوز / ایجنسیز):اداکارہ شریا گپتو نے حالیہ انٹرویو میں بھارتی فلم انڈسٹری کے تاریک پہلو پر روشنی ڈالتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ انہیں ایک مشہور ڈائریکٹر نے کاسٹنگ کے دوران نہایت غیر اخلاقی ڈیمانڈ کی تھی۔ شریا کا کہنا ہے کہ وہ 2014 میں چنئی میں ایک فلم کے آڈیشن کیلئے گئی تھیں اور اس وقت ان کے ہمراہ ان کی والدہ بھی موجود تھیں۔
شریا گپتو نے بتایا:
"جیسے ہی میں ڈائریکٹر کے کیبن میں داخل ہوئی، انہوں نے مجھ سے کہا کہ میری گود میں بیٹھو اور سین پرفارم کرو۔ میں خوف زدہ ہو گئی اور فوراً کہا کہ میں سین تیار کر کے کل واپس آؤں گی، لیکن میں پھر کبھی نہیں گئی۔”
اداکارہ کا تعلق مغربی بنگال سے ہے اور وہ تمل و ہندی فلموں میں اپنی اداکاری سے شہرت حاصل کر چکی ہیں۔ انہوں نے سپر اسٹار رجنی کانت، سوریا اور سلمان خان کے ساتھ فلم "سکندر” میں بھی کام کیا ہے۔
شریا نے یہ بھی اعتراف کیا کہ فلمی دنیا میں خواتین کو ایسے واقعات کا سامنا اکثر کرنا پڑتا ہے، اور یہی وجہ ہے کہ وہ کچھ عرصے کیلئے انڈسٹری سے کنارہ کش ہو گئی تھیں۔ ممبئی منتقلی کا ایک بڑا سبب یہی تلخ تجربہ تھا۔
انٹرویو میں اداکارہ نے ڈائریکٹر کا نام ظاہر نہیں کیا، لیکن ان کا بیان بالی ووڈ میں جاری کاسٹنگ کاچ کے کلچر کی سنگینی کو ایک بار پھر اجاگر کرتا ہے۔



