لبنان میں پیرا گلائیڈنگ کے دوران نوجوان کی ہولناک ہلاکت، ویڈیو وائرل
پیرا گلائیڈنگ کے دوران نوجوان حسین کی المناک موت، پائلٹ فرار، لبنانی عوام غمزدہ
لبنان/جونیہ وادی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)لبنان میں پیرا گلائیڈنگ کے دوران 17 سالہ حسین کی ہلاکت کا واقعہ لبنانی عوام کے لیے ایک سانحہ بن گیا ہے۔ حسین، جو آسٹریلوی شہریت کا حامل تھا، جونیہ وادی میں پیرا گلائیڈنگ کے دوران نیچے گر کر جان کی بازی ہار گیا۔ اس واقعے نے لبنانی عوام میں غم اور غصے کی لہر دوڑادی ہے۔
یہ واقعہ ہفتے کی دوپہر پیش آیا، جب حسین پیراگلائیڈنگ کے دوران صحیح طریقے سے بندھا نہیں تھا اور اس کے وزن کو مناسب طور پر نہیں دیکھا گیا۔ حسین گرنے کے بعد گلائیڈر سے چمٹا رہا، اور دو منٹ تیس سیکنڈ تک گلائیڈر کو پکڑے رکھا، مگر آخرکار وہ زمین پر گر کر جان کی بازی ہار گیا۔
ویڈیوز اور تصاویر جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہیں، میں حسین کے گرنے کے مناظر اور گلائیڈر کی باقیات دکھائی دے رہی ہیں، جو کہ عوام کے لیے انتہائی ہولناک ہیں۔
حسین کے ماموں خالد الریش نے اس واقعے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ "ہماری آنکھوں کا تارا چلا گیا، مگر ہم اس معاملے کی مکمل چھان بین اور مجرم کی گرفتاری چاہتے ہیں”۔ انھوں نے سوال اٹھایا کہ اگر پائلٹ بے قصور تھا تو پھر وہ فرار کیوں ہوا؟ اور مزید کہا کہ "کسی کی جان کھیل تماشا نہیں ہو سکتی، میرے بھانجے کی موت لاپروائی کا نتیجہ تھی”۔
لبنانی حکام نے اس واقعے کے بعد پیراگلائیڈنگ پر پابندی عائد کر دی ہے اور جونیہ وادی کی ہوائی پٹی کو بند کر دیا ہے۔ ساتھ ہی، آسٹریلوی سفارت خانے نے بھی متاثرہ خاندان سے رابطہ کیا ہے اور مقدمہ دائر کرنے کے لیے وکیل مقرر کرنے کی ہدایت کی ہے۔
یہ پہلا واقعہ نہیں ہے، اس سے پہلے بھی جونیہ کے ساحل پر پیرا گلائیڈنگ کے دوران حادثات پیش آ چکے ہیں۔ اپریل میں بھی دو نوجوان گلائیڈرز کے ذریعے پرواز کرتے ہوئے سمندر میں جا گرے تھے، مگر معجزانہ طور پر بچ گئے تھے۔ اس کے بعد بھی ہوائی پٹی کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا تھا۔



