امریکہ کی متحدہ عرب امارات کو 1.4 ارب ڈالر کے ہتھیاروں کی فروخت کی منظوری
متحدہ عرب امارات کو جدید ہیلی کاپٹر اور دفاعی ساز و سامان فراہم کیا جائے گا
دبئی (اردو دنیا نیوز/ایجنسیز): امریکہ نے متحدہ عرب امارات کو 1.4 ارب ڈالر مالیت کے جدید ہتھیاروں کی فروخت کی منظوری دے دی ہے۔ امریکی دفتر خارجہ کے مطابق اس منظوری کا فیصلہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے رواں ہفتے خلیجی ممالک کے دورے کے تناظر میں کیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس اسلحہ ڈیل میں چھ عدد ‘CH-47F’ چینوک ہیلی کاپٹر اور 1.32 ارب ڈالر مالیت کے مختلف فوجی آلات شامل ہیں۔
امریکی دفتر خارجہ کے سیاسی و عسکری امور کے بیورو کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات یہ جدید ساز و سامان تلاش و ریسکیو مشنز، آفات سے نمٹنے، اور دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں میں استعمال کرے گا۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ مشرقِ وسطیٰ میں امن و استحکام اور اقتصادی ترقی کے لیے متحدہ عرب امارات امریکہ کا ایک قابلِ اعتماد اور اہم شراکت دار ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق یہ فروخت متحدہ عرب امارات کی دفاعی صلاحیت کو مزید مضبوط کرے گی، خاص طور پر ‘F-16’ طیاروں کے پرزوں کی فراہمی اس کی فضائی طاقت میں اضافہ کرے گی۔ اگرچہ کانگریس کے قانون کے مطابق اس معاہدے کو 30 دن کے اندر روکا جا سکتا ہے، لیکن تاحال کسی قسم کی مزاحمت سامنے نہیں آئی ہے۔ صدر ٹرمپ کے آئندہ دورے میں سعودی عرب، قطر اور امارات کے ساتھ خطے کے مسائل خصوصاً ایران و غزہ کے حوالے سے بھی بات چیت متوقع ہے۔



