غزہ پر اسرائیلی بمباری: خان یونس میں 28 فلسطینی شہید، بچوں کی نعشیں اسپتال منتقل
اسپتال کے نزدیک قیامت خیز حملہ
غزہ :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)غزہ میں شہری دفاع کے ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سے منگل کے روز کی گئی شدید بمباری میں 28 فلسطینی شہید ہو گئے ہیں۔ یہ حملہ غزہ کے جنوبی علاقے خان یونس میں کیا گیا، جہاں یورپیئن اسپتال سے متصل علاقہ نشانہ بنا۔
اسرائیلی فوج نے اپنے بیان میں اس حملے کا جواز پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ کارروائی حماس کے مبینہ کمانڈ سنٹر کو نشانہ بنانے کے لیے کی گئی۔ فوج کے مطابق ناصر اسپتال کے اردگرد کے علاقے کو خاص طور پر نشانہ بنایا گیا۔
غزہ کے شہری دفاع کے ترجمان محمود باسک نے بین الاقوامی خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ "ہمارے عملے نے بمباری سے متاثرہ علاقے سے 28 شہداء کی نعشیں نکالی ہیں۔”
غزہ میں شہری دفاع کے میڈیا آفیسر احمد رضوان نے بتایا کہ جنوبی غزہ میں کی گئی اس بمباری کے نتیجے میں مجموعی طور پر تقریباً 30 افراد یا تو ہلاک ہو گئے یا شدید زخمی ہوئے۔
مقامی فوٹو جرنلسٹ عمرو طباش نے اے ایف پی کو بتایا کہ"یہ ایک تباہ کن منظر تھا۔ اسپتال کے اندر ہر شخص خوف زدہ ہو کر بھاگ رہا تھا، زخمیوں میں سے کچھ بیساکھیوں پر، کچھ چیخ و پکار کرتے اپنے بچوں کو ڈھونڈ رہے تھے، اور کچھ کو بستروں پر گھسیٹا جا رہا تھا۔”
واضح رہے کہ غزہ میں جاری اسرائیلی جنگ کو 19 ماہ گزر چکے ہیں، جو اب تک کی سب سے طویل اسرائیلی جنگ قرار دی جا رہی ہے۔ اب تک اس جنگ میں 52 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جبکہ زخمیوں کی تعداد ایک لاکھ اٹھارہ ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔



