سعودی ولی عہد کی درخواست پر ڈونلڈ ٹرمپ کا شام پر عائد پابندیاں ختم کرنے کا اعلان
شام کے ساتھ معمول کے تعلقات کی بحالی کی طرف پہلا قدم
الریاض :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)ریاض میں ایک اہم پریس کانفرنس کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا کہ انہوں نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی درخواست پر شام پر عائد امریکی پابندیاں ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ "یہ فیصلہ شامی عوام کو ایک نئی امید دینے کے لیے کیا گیا ہے” اور یہ اقدام شام کے ساتھ معمول کے تعلقات کی بحالی کی طرف پہلا قدم ہے۔
صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ امریکہ شام میں قائم نئی حکومت کو موقع دینا چاہتا ہے تاکہ وہ استحکام اور ترقی کی جانب پیش قدمی کرے۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو جلد شامی وزیر خارجہ سے ملاقات کریں گے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان ساموئل وربرگ نے اس فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ شام سے مثبت اشارے مل رہے ہیں اور اب وہاں کے عوام عالمی تنہائی سے باہر نکلنے کے لیے تیار ہیں۔
یاد رہے کہ بشار الاسد کی حکومت کے خاتمے کے بعد قائم ہونے والی نئی حکومت نے عالمی برادری سے پابندیاں اٹھانے کا مطالبہ کیا تھا۔ ان پابندیوں نے شامی معیشت کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا تھا۔ اقوام متحدہ نے بھی خبردار کیا تھا کہ اگر معاشی صورتحال میں بہتری نہ آئی تو شام 2080ء تک بھی اپنی پرانی معاشی سطح تک نہیں پہنچ سکے گا۔ امریکہ اور یورپی یونین کی جانب سے کچھ پابندیاں نرم کی گئی ہیں لیکن ان کی مکمل واپسی کو انسانی حقوق اور دہشت گردی کے خلاف اقدامات سے مشروط رکھا گیا ہے۔



