فلمی دنیا

اعجاز خان کے خلاف عصمت دری کیس میں عدالت کا فیصلہ، ضمانت نہ ملنے پر مشکلات بڑھ گئیں

اعجاز خان کے عصمت دری کیس میں قانونی پیچیدگیاں بڑھ گئیں

ممبئی :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)ممبئی کی سیشن عدالت نے اداکار اعجاز خان کی قبل از گرفتاری ضمانت کی درخواست مسترد کر دی ہے۔ اعجاز خان پر ایک اداکارہ نے عصمت دری کا مقدمہ درج کروایا ہے، جس میں متاثرہ خاتون نے الزام لگایا ہے کہ اعجاز نے شادی کا جھانسہ دے کر اس کے ساتھ جسمانی تعلقات قائم کیے۔ چارکوپ پولیس اسٹیشن میں درج ایف آئی آر کے مطابق متاثرہ خاتون کا کہنا ہے کہ اعجاز خان نے خود کو ایک معروف سیلیبریٹی اور ریئلٹی شو کے میزبان کے طور پر پیش کیا اور اپریل میں شادی اور مالی مدد کے جھوٹے وعدے کر کے جسمانی تعلقات قائم کیے۔

اداکار اعجاز خان نے عدالت میں موقف دیا ہے کہ متاثرہ خاتون کو ان کے شادی شدہ ہونے کا علم تھا اور دونوں کے درمیان جو بھی تعلق تھا، وہ باہمی رضامندی سے تھا۔ اعجاز نے عدالت کو بتایا کہ ان کے پاس واٹس ایپ چیٹس اور ویڈیوز سمیت شواہد موجود ہیں، اور متاثرہ خاتون نے کیس واپس لینے کے لیے دس لاکھ روپے کا مطالبہ بھی کیا تھا۔ تاہم، پولیس نے اس درخواست کی سخت مخالفت کی ہے اور کہا ہے کہ تفتیش مکمل ہونے تک ضمانت دینا مناسب نہیں کیونکہ ابھی اعجاز کا موبائل فون برآمد کرنا اور دیگر ڈیجیٹل شواہد کی جانچ باقی ہے۔

سیشن کورٹ کے جج ڈی جی دھوبلے نے حکم دیا کہ ایف آئی آر میں وقوعہ کی تاریخ، مقام اور واقعات واضح طور پر درج ہیں۔ متاثرہ خاتون کو صرف شادی کا وعدہ نہیں بلکہ پیشہ ورانہ اور مالی مدد کا بھی یقین دلایا گیا تھا، جس کی بنیاد پر یہ معاملہ صرف باہمی رضامندی کا نہیں بلکہ دھوکے یا جھوٹے وعدوں پر مبنی ہو سکتا ہے۔ عدالت نے کہا کہ واٹس ایپ چیٹس میں کہیں بھی یہ ذکر نہیں کہ متاثرہ خاتون نے پیسے مانگے ہوں، لہٰذا اعجاز خان سے تحویل میں پوچھ گچھ ضروری ہے۔

پولیس نے عدالت کو آگاہ کیا کہ اعجاز خان پہلے بھی منشیات کے مقدمات میں ملوث رہے ہیں اور اگر ضمانت مل گئی تو وہ شواہد کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کر سکتے ہیں۔ اس لیے پولیس نے قبل از گرفتاری ضمانت کی مخالفت کی، اور عدالت نے بھی اس درخواست کو مسترد کرتے ہوئے تحقیقات جاری رکھنے کا حکم دیا۔ اس فیصلے کے بعد اداکار اعجاز خان کے قانونی مسائل میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button