ای ڈی کی بڑی کارروائی،یوکو بینک کے سابق چیئرمین ₹6,210 کروڑ کے لون گھوٹالے میں گرفتار
بینکنگ سیکٹر میں بدعنوانی کے خلاف کڑا قدم
نئی دہلی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) یوکو بینک کے سابق چیئرمین اور منیجنگ ڈائریکٹر سبودھ کمار گویل کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے 6210 کروڑ روپے کے مبینہ بینک لون گھوٹالے کے سلسلے میں گرفتار کر لیا ہے۔ یہ گرفتاری ان کی دہلی واقع رہائش گاہ سے عمل میں آئی، جو کولکاتا کی کمپنی کانکاسٹ اسٹیل اینڈ پاور لمیٹڈ (سی ایس پی ایل) سے منسلک ہے۔
ای ڈی کا الزام ہے کہ گویل نے اپنی مدت کار کے دوران سی ایس پی ایل کو غیر معمولی کریڈٹ سہولیات فراہم کیں، جن کا کمپنی نے غلط استعمال کیا۔ فنڈز کو مبینہ طور پر دوسری جگہوں پر منتقل کر کے بینک کو نقصان پہنچایا گیا۔ جانچ سے پتہ چلا ہے کہ گویل نے کمپنی سے نقدی، لگژری اشیاء، ہوٹل بکنگ اور شیل کمپنیوں کے ذریعے غیر منقولہ جائیدادیں بطور رشوت حاصل کیں۔
ذرائع کے مطابق اپریل 2025 میں ای ڈی نے گویل اور دیگر مشتبہ افراد کے مقامات پر چھاپے مارے تھے، جن میں کئی اہم شواہد برآمد ہوئے۔ 17 مئی کو سبودھ کمار گویل کو کولکاتا کی خصوصی پی ایم ایل اے عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں عدالت نے انھیں 21 مئی تک ای ڈی کی حراست میں دے دیا۔ عدالت نے ای ڈی کو سخت پوچھ تاچھ کی اجازت دی تاکہ گھوٹالے کے پورے نیٹ ورک کو بے نقاب کیا جا سکے۔
اس معاملے میں سی ایس پی ایل کے چیف پروموٹر سنجے سُریکا کو پہلے ہی دسمبر 2024 میں گرفتار کیا جا چکا ہے۔ اب تک ای ڈی نے اس کیس میں 510 کروڑ روپے کی پراپرٹی ضبط کر لی ہے، جن میں شیل کمپنیوں کے ذریعے خریدی گئی جائیدادیں شامل ہیں۔
تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ سی ایس پی ایل نے قرض کی رقم کو غلط پروجیکٹس میں لگایا، جس کی وجہ سے وہ ڈیفالٹ کر گئی۔ سبودھ کمار گویل پر الزام ہے کہ انہوں نے جان بوجھ کر بینکاری ضابطوں کو نظر انداز کیا اور کمپنی کو فائدہ پہنچایا۔
یہ گرفتاری بینکنگ سیکٹر میں کرپشن کے خلاف ای ڈی کی جارحانہ حکمت عملی کا حصہ ہے۔ جانچ جاری ہے اور ای ڈی دیگر مشتبہ افراد و غیر قانونی اثاثوں کی تلاش میں مصروف ہے تاکہ اس گھوٹالے کی مکمل حقیقت سامنے لائی جا سکے۔



