بین الاقوامی خبریں

بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ میں دھماکہ، 4 افراد جاں بحق، 20 زخمی

دھماکے سے کئی دکانوں کو نقصان پہنچا

اسلام آباد:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ میں واقع جبار مارکیٹ کے قریب ایک زوردار بم دھماکہ پیش آیا جس میں 4 افراد جاں بحق اور کم از کم 20 دیگر زخمی ہو گئے۔ یہ واقعہ اتوار کی شام پیش آیا اور دھماکے سے کئی دکانوں کو نقصان پہنچا، جبکہ علاقے میں زبردست افرا تفری مچ گئی۔

ایکسپریس ٹریبیون کے مطابق دھماکے کے بعد متعدد دکانیں تباہ ہو گئیں اور کئی میں آگ لگ گئی۔ دھماکے کے مقام پر فرنٹیئر کارپس (ایف سی) قلعہ کی پچھلی دیوار واقع ہے، جس کے باعث سیکیورٹی خدشات میں اضافہ ہوا ہے۔ڈپٹی کمشنر ریاض خان نے تصدیق کی کہ دھماکہ میں 4 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 20 زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔ زخمیوں میں قبائلی بزرگ حاجی فیض اللہ خان گبی زئی کے سیکیورٹی گارڈ سمیت متعدد مقامی شہری شامل ہیں۔

واقعے کے بعد ایف سی اہلکاروں اور نامعلوم حملہ آوروں کے درمیان مختصر فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا، جس کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو سیل کر دیا اور تلاشی مہم شروع کر دی۔یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب چند روز قبل بلوچستان کے ضلع کھجدار کے نعل علاقے میں ایک چیک پوسٹ پر نامعلوم افراد کے حملے میں چار لیوی اہلکار جاں بحق ہو چکے تھے۔

بلوچستان میں باغی تحریکوں کا زور بدستور قائم ہے۔ بلوچ رہنما پاکستانی حکومت اور فوج کے خلاف آواز بلند کر رہے ہیں اور صوبہ بلوچستان کو ایک آزاد ملک بنانے کی کوششیں کر رہے ہیں۔ میر یار بلوچ نے آزادی کا باقاعدہ اعلان کرتے ہوئے عالمی برادری سے بلوچستان کو تسلیم کرنے کی اپیل کی ہے۔یہ صورتحال پاکستان کے لیے چیلنج بن چکی ہے کیونکہ مقامی مزاحمت میں اضافہ ہو رہا ہے اور حکومتی کنٹرول کمزور ہوتا جا رہا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button