مودی پہلگام واقعے کے بعد پاکستان سے بدلہ لینے میں ناکام: ریونت ریڈی
وزیراعلیٰ ریونت ریڈی کا راجیو گاندھی کو جذباتی خراجِ عقیدت، مرکز کی ’کمزور‘ خارجہ پالیسی پر سخت تنقید
حیدرآباد:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)تلنگانہ کے وزیراعلیٰ ریونت ریڈی نے سابق وزیراعظم راجیو گاندھی کی برسی کے موقع پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ راجیو گاندھی نے بطور وزیراعظم ہندوستان کا وقار بلند کیا اور اقتصادی اصلاحات کے ذریعے ملک کو مضبوط بنایا۔
ریونت ریڈی نے کہا کہ راجیو گاندھی نے نوجوانوں کو 18 سال کی عمر میں ووٹ کا حق دیا، جس سے وہ حکومت سازی میں اہم کردار ادا کرنے لگے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہر ہندوستانی شہری کو سابق وزیراعظم اندرا گاندھی کی جرأت اور بہادری یاد آ رہی ہے، جنہوں نے پہلگام جیسے واقعات کے بعد پاکستان کو منہ توڑ جواب دیا تھا۔
انہوں نے وزیراعظم مودی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت پہلگام واقعے پر پاکستان کے خلاف بدلہ لینے میں ناکام رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’وزیراعظم نے پیچھے ہٹنے کا راستہ اختیار کیا اور اب امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے کہنے پر سیزفائر کا اعلان کرنا پڑ رہا ہے۔‘‘
ریونت ریڈی نے مرکزی وزیر جی کشن ریڈی پر بھی سخت تنقید کی اور کہا کہ جب ملک کو اُن کی حمایت کی سب سے زیادہ ضرورت تھی، وہ خاموش تماشائی بنے بیٹھے رہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’ہم نے مرکز کو غیر مشروط حمایت کی پیشکش کی، مگر کشن ریڈی نے اس کا اعتراف کرنے کے بجائے راہل گاندھی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔‘‘
ریونت ریڈی نے کہا کہ بعض تنگ نظر عناصر نے سکریٹریٹ کے قریب راجیو گاندھی کے مجسمے کی تنصیب پر اعتراض کیا، حالانکہ قربانیوں کی تاریخ گاندھی خاندان اور کانگریس پارٹی کی ہے۔
ریونت ریڈی نے کہا، ’’یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ملک کی حفاظت کرنے والے فوجیوں کے ساتھ کھڑے رہیں۔ ہم ملک کی سالمیت پر سیاست نہیں کریں گے بلکہ مکمل تعاون فراہم کریں گے۔‘‘



