لاس اینجلس، ۲۱؍ مئی (اردو دنیا.اِن/ایجنسیز):کانز فلم فیسٹیول 2025 کے دوران ایک خصوصی عشائیہ تقریب میں جذبات کا سیلاب اس وقت امڈ آیا جب معروف امریکی اداکارہ انجلینا جولی نے شہید فلسطینی صحافی فاطمہ حسونہ کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ یہ موقع نہ صرف فن و ثقافت کا تھا بلکہ ان لوگوں کی قربانیوں کو یاد کرنے کا بھی، جنہوں نے اپنی جانوں کی قیمت پر سچ کو دنیا کے سامنے لانے کی جرأت کی۔
انجلینا جولی نے اپنے خطاب میں کہا، ’’ہم سادہ لوح نہیں ہیں، بہت سے فنکار آزادی اور تحفظ کے بغیر کام کر رہے ہیں۔ کچھ نے اپنی جانوں کی قیمت پر سچ بیان کیا ہے، ہم ان کے شکر گزار ہیں جو ہر خطرے کے باوجود اپنی کہانیاں دنیا تک پہنچاتے ہیں۔‘‘ ان کے ان الفاظ نے حاضرین کو خاموش اور پر سوچ بنا دیا۔
انجلینا جولی نے خاص طور پر 23 سالہ فلسطینی فوٹو جرنلسٹ فاطمہ حسونہ کا ذکر کیا جنہیں اپریل 2025 میں ایک اسرائیلی فضائی حملے میں شہید کر دیا گیا۔ فاطمہ حسونہ کانز فلم فیسٹیول میں منتخب ہونے والی ایک دستاویزی فلم کی اہم رکن تھیں۔ ان کی فلم "Living Under Siege” غزہ میں محصور فلسطینی زندگیوں کی حقیقت کو دنیا کے سامنے لانے کی ایک کوشش تھی۔
افسوسناک طور پر، 15 اپریل 2025 کو جب ان کی فلم کانز فیسٹیول کے لیے منتخب ہوئی، اس کے اگلے ہی روز 16 اپریل کو ان کے غزہ سٹی میں واقع اپارٹمنٹ پر اسرائیلی فضائی حملہ ہوا۔ اس حملے میں فاطمہ اپنے خاندان کے 9 افراد کے ساتھ شہید ہو گئیں۔ برطانوی تحقیقاتی ادارے "فورینزک آرکیٹیکچر” کی رپورٹ کے مطابق، یہ حملہ براہِ راست ان کے اپارٹمنٹ کو نشانہ بناتے ہوئے کیا گیا تھا، جس نے عالمی صحافتی برادری کو شدید غم و غصے میں مبتلا کر دیا۔
انجلینا جولی نے اپنے خطاب میں دیگر متاثرہ صحافیوں کا بھی ذکر کیا، جن میں سودان کی شادین قردود اور یوکرین کی وکٹوریا ایمیلیانا شامل تھیں۔ انہوں نے کہا کہ فنکار اور صحافی دنیا کو وہ سچ دکھاتے ہیں جسے اکثر نظر انداز کیا جاتا ہے، اور ان کی حفاظت عالمی برادری کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔
فاطمہ حسونہ اب صرف ایک نام نہیں رہی بلکہ آزادیِ اظہار اور جرأت مند صحافت کی علامت بن چکی ہیں۔ ان کی کہانی دنیا کے لیے ایک صدا ہے کہ قلم اور کیمرہ کبھی خاموش نہیں ہوتے، چاہے ان پر کتنی ہی گولیاں برسیں۔
At Cannes, Angelina Jolie Pays Tribute to Palestinian Journalist Fatima Hassouna.
Amazing human, she has never shied away from speaking truth and against injustice. pic.twitter.com/PAeKbCyjUH
— Earth Hippy 🌎🕊️💚 (@hippyygoat) May 18, 2025



