بین الاقوامی خبریں

مکہ مکرمہ میں ماحول دوست پیدل راستے اور حاجیوں کے لیے انٹرایکٹو نقشے

ماحول دوست پیدل گزرگاہوں میں 33 فیصد توسیع

مکہ مکرمہ، ۲۶؍مئی (اردو دنیا.اِن / ایجنسیز)حج 2025 کے دوران سعودی عرب نے عازمین حج کی سہولت کے لیے انفرااسٹرکچر میں نمایاں بہتری لاتے ہوئے ماحول دوست پیدل گزرگاہوں میں 33 فیصد توسیع کر دی ہے۔ یہ سڑکیں خاص طور پر مکہ مکرمہ کے مقدس مقامات کے درمیان، عرفات کی مسجد نمرہ سے المشعر ٹرین سٹیشن تک، تقریباً 61000 مربع میٹر کے رقبے پر تعمیر کی گئی ہیں۔

سعودی خبر رساں ادارے ‘ایس پی اے’ کے مطابق یہ نئی سڑکیں ربڑ سے بنے لچکدار سفالٹ سے تیار کی گئی ہیں، جو استعمال شدہ ٹائروں کی ری سائیکلنگ کے ذریعے تیار کی جاتی ہیں۔ یہ طریقہ نہ صرف فضائی آلودگی میں کمی کا باعث بنتا ہے بلکہ پیدل چلنے والوں، خصوصاً بزرگ عازمین کے لیے انتہائی آرام دہ ثابت ہوتا ہے۔

‘روڈز جنرل اتھارٹی’ کے مطابق ان راستوں پر چلنے سے پیروں اور ٹخنوں کو خاص سکون ملتا ہے۔ یہ اقدام سعودی ویژن 2030 کے تحت شہریوں اور زائرین کو جدید سفری سہولیات فراہم کرنے کے عزم کا حصہ ہے۔ واضح رہے کہ رواں سال حج پر آنے والے بزرگ عازمین کی تعداد 53 فیصد سے تجاوز کر چکی ہے۔

اس کے ساتھ ہی حج سیزن میں عازمین کی رہنمائی کے لیے سعودی سکیورٹی فورسز برائے ٹریفک امور نے چھ انٹرایکٹو نقشے جاری کیے ہیں، جن کی مدد سے عازمین بآسانی اپنے سفر، قیام اور واپسی کے راستوں کو منظم کر سکتے ہیں۔ ان نقشوں میں مکہ مکرمہ، مسجد الحرام، منیٰ، مزدلفہ، اور عرفات جیسے مقدس مقامات کے مخصوص اور واضح خاکے شامل ہیں۔

سکیورٹی فورسز نے حجاج کرام سے اپیل کی ہے کہ وہ ان نقشوں سے بھرپور فائدہ اٹھائیں تاکہ ان کے حج کے ارکان میں کسی قسم کی دشواری نہ ہو۔ یہ تمام اقدامات سعودی حکومت کی جانب سے ایک مربوط نظام کے تحت انجام دیے جا رہے ہیں تاکہ حج کے تجربے کو محفوظ، آرام دہ اور منظم بنایا جا سکے۔

یاد رہے کہ حج 2025 کا آغاز 4 جون سے متوقع ہے، اور رواں سال عازمین کی تعداد 2024 کے مقابلے میں زیادہ ہونے کا امکان ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button