گاڑیوں کے سن وائزر کا وہ خفیہ فیچر جو آپ نہیں جانتے!
بیشتر افراد کو گاڑی کے اندر چھپے چند اہم اور مفید فیچرز کا علم ہی نہیں ہوتا۔
نئی دہلی ۴؍جون:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)دنیا بھر میں روزانہ کروڑوں یا اربوں افراد گاڑی پر سفر کرتے ہیں، مگر حیران کن طور پر بیشتر افراد کو گاڑی کے اندر چھپے چند اہم اور مفید فیچرز کا علم ہی نہیں ہوتا۔ ان میں سے ایک نہایت کارآمد فیچر سن وائزر (Sun Visor) میں چھپا ہوتا ہے جو گاڑی کے تقریباً ہر ماڈل میں دستیاب ہوتا ہے۔
یہ سن وائزر عام طور پر گاڑی میں سامنے شیشے کے اوپر نصب ہوتا ہے اور اس کا بنیادی استعمال سورج کی تیز روشنی سے آنکھوں اور چہرے کو تحفظ دینا ہوتا ہے۔ بیشتر ڈرائیور اور مسافر اسے صرف سامنے کی روشنی روکنے کے لیے نیچے کر لیتے ہیں۔ مگر حقیقت میں یہ سن وائزر سائیڈ یعنی کھڑکی کی طرف سے آنے والی روشنی سے بھی تحفظ فراہم کر سکتا ہے۔
کچھ عرصے قبل ٹک ٹاک پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں اس فیچر کی تفصیل سامنے لائی گئی۔ ویڈیو میں دکھایا گیا کہ اگر سورج کی روشنی کھڑکی کی طرف سے آ رہی ہو تو سن وائزر کو دائیں یا بائیں طرف گھما کر سائیڈ ونڈو کی طرف موڑا جا سکتا ہے۔ اس سے سورج کی روشنی براہ راست چہرے یا آنکھوں پر نہیں پڑتی۔
ڈرائیور سیٹ پر بیٹھے شخص کے لیے سن وائزر کو دائیں جانب اور پسنجر سیٹ والے کے لیے بائیں جانب گھمانا ممکن ہوتا ہے، جو کہ ایک نہایت آسان مگر مؤثر حل ہے۔ اس عمل سے نہ صرف روشنی سے بچاؤ ہوتا ہے بلکہ گاڑی کے اندر کا درجہ حرارت بھی کسی حد تک کم رہتا ہے، خاص طور پر گرمیوں کے موسم میں۔
یہ خفیہ مگر فائدہ مند فیچر عام طور پر استعمال نہیں کیا جاتا کیونکہ بیشتر افراد اس سے ناواقف ہوتے ہیں، حالانکہ یہ روزمرہ کی ڈرائیونگ کو زیادہ محفوظ اور آرام دہ بنا سکتا ہے۔



