امریکی صدر کا 12 ملکوں کے شہریوں کے امریکہ آنے پر پابندی کا فیصلہ نافذ العمل
امیگریشن کے معاملے میں سخت پالیسی پر عمل پیرا ہے
واشنگٹن،۹؍جون :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے 12 ملکوں کے شہریوں کے امریکہ آنے پر پابندی کا فیصلہ، پیر کی صبح سے نافذ العمل ہو گیا ہے۔اس نئی سفری پابندی کا اطلاق جن ممالک پر ہو گا، ان میں ایران، لیبیا، صومالیہ، سوڈان، یمن، افغانستان، میانمار، چاڈ، جمہوریہ کانگو، استوائی گنی، اریٹریا اور ہیٹی شامل ہیں۔اس کے علاوہ سات مزید ممالک کے شہریوں پر جزوی پابندیاں عائد کی جائیں گی، جن میں برونڈی، کیوبا، لاس، سیئرالیون، ٹوگو، ترکمانستان اور وینزویلا شامل ہیں۔
ٹرمپ نے کہا کہ جن ممالک پر سخت پابندیاں لگائی گئی ہیں، وہاں "دہشت گردوں کی وسیع موجودگی” پائی جاتی ہے، وہ ویزا سے متعلق سیکیورٹی میں تعاون نہیں کرتے، مسافروں کی شناخت کی تصدیق کی صلاحیت نہیں رکھتے، ان کے مجرمانہ ریکارڈ کا درست ریکارڈ موجود نہیں ہوتا، اور ان کے شہری ویزے کی مدت ختم ہونے کے بعد بھی امریکہ میں مقیم رہنے کی بلند شرح رکھتے ہیں۔
امریکی حکومت، جو امیگریشن کے معاملے میں سخت پالیسی پر عمل پیرا ہے، نے ان ممالک کو اس بنیاد پر پابندی کی فہرست میں شامل کیا ہے کہ ان کی حکومتیں مسافروں کی جانچ نہیں کرتیں اور بعض ملکوں کے شہری ویزا ختم ہونے کے بعد بھی امریکہ میں رہنے کو ترجیح دیتے ہیں۔



