بیرونِ ملک عمرہ زائرین کے لیے ویزوں کا اجرا شروع، "نسک” ایپ سے فوری اجازت نامہ
سعودی عرب میں اقامہ و لیبر قوانین کی خلاف ورزی پر 12 ہزار سے زائد افراد کے خلاف کارروائی
مکہ مکرمہ،۱۱؍جون :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)سعودی عرب کی وزارتِ حج نے ہجری سال 1447 کے عمرہ سیزن کا باضابطہ آغاز کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ آج سے بیرونِ ملک مقیم مسلمانوں کے لیے عمرہ ویزا اجرا کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔
یہ اقدام سعودی ویژن 2030 کے تحت ضیوف الرحمان کی خدمت اور ان کے لیے سہولت کاری کی پالیسیوں کا حصہ ہے۔ وزارت کے مطابق، معتمرین "نسک” ایپ کے ذریعے فوری طور پر عمرہ کے اجازت نامے حاصل کر سکتے ہیں۔
"نسک” ایپ مملکت کا آفیشل ڈیجیٹل پلیٹ فارم ہے، جہاں زائرین آسانی سے عمرہ کی بکنگ، حرمین میں داخلے کے اجازت نامے، رہائش، ٹرانسپورٹ اور دیگر ڈیجیٹل سہولیات حاصل کر سکتے ہیں۔
وزارت نے بتایا کہ نئے سیزن کی تیاریوں میں تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ تعاون کیا گیا ہے تاکہ زائرین کو ہر مرحلے پر آسانی، تحفظ اور سکون فراہم ہو۔ اس کے علاوہ ایپ کو مزید زبانوں میں وسعت دی جا رہی ہے تاکہ دنیا بھر کے مسلمان آسانی سے مستفید ہو سکیں۔
وزارتِ حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ ان کا ہدف نہ صرف خدمات میں بہتری ہے بلکہ حرمین شریفین کے خدام کی حیثیت سے سعودی عرب کا عالمی تشخص مزید نمایاں کرنا بھی شامل ہے۔
رواں سال 16.7 لاکھ حجاج کی خدمت کے لیے 4.2 لاکھ افراد تعینات ہوئے : سعودی ادارہ شماریات
مکہ مکرمہ، ۱۱؍جون:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)سعودی عرب کے عمومی ادارہ شماریات (General Authority for Statistics) نے حج 1446ھ / 2025 کے اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اس سال 16 لاکھ 73 ہزار 230 مرد و خواتین حجاج کی خدمت کے لیے 4 لاکھ 20 ہزار 70 افراد تعینات کیے گئے۔
ادارے کے مطابق ان افراد کا تعلق سرکاری، نجی اور سیکیورٹی اداروں سے تھا۔ رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ خدمات انجام دینے والوں میں 92 فی صد مرد اور 8 فی صد خواتین شامل تھیں۔ مقدس مقامات پر 34 ہزار 540 مرد و خواتین رضاکاروں نے 21 لاکھ 34 ہزار 398 گھنٹوں پر مشتمل رضاکارانہ خدمات سر انجام دیں۔
ادارے کی رپورٹ میں "روڈ ٹو مکہ” پروگرام کا ذکر بھی کیا گیا، جس سے اس سال 3 لاکھ 14 ہزار 337 حجاج مستفید ہوئے، جو کل بیرون ملک سے آنے والے حجاج کا 20.9 فی صد ہیں۔ یہ پروگرام 2017 میں شروع ہوا تھا، جس کا مقصد حجاج کی روانگی کے عمل کو سہل بنانا ہے۔
یوم عرفہ کے موقع پر ادارہ شماریات نے بتایا تھا کہ 2025 کے حج میں کل 16 لاکھ 73 ہزار 230 حجاج شریک ہوئے، جن میں 15 لاکھ 6 ہزار 576 بیرون ملک سے اور 1 لاکھ 66 ہزار 654 اندرون ملک سے آئے تھے۔
اعداد و شمار کے مطابق مرد حجاج کی تعداد 8 لاکھ 77 ہزار 841 رہی، جب کہ خواتین کی تعداد 7 لاکھ 95 ہزار 389 رہی۔
ادارے نے واضح کیا کہ اس سال کی رپورٹ وزارت داخلہ کے انتظامی ریکارڈ پر مبنی ہے، جس میں حجاج کی تفصیلی معلومات اور حج کے دوران فراہم کی جانے والی خدمات شامل ہیں۔ تمام معلومات تجزیے اور جدول بندی کے بعد جاری کی گئیں، جو گزشتہ پانچ برسوں سے رائج شماریاتی طریقہ کار کے مطابق ہیں۔
سعودی عرب میں اقامہ و لیبر قوانین کی خلاف ورزی پر 12 ہزار سے زائد افراد کے خلاف کارروائی
ریاض، ۱۱؍جون:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)سعودی عرب میں محکمہ پاسپورٹس نے اقامہ، لیبر اور سرحدی سکیورٹی کے ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے شہریوں اور غیر ملکیوں کے خلاف ماہ ذی القعدہ 1446ھ کے دوران مجموعی طور پر 12 ہزار 711 انتظامی فیصلے جاری کیے۔
یہ فیصلے مملکت کے مختلف علاقوں میں موجود پاسپورٹس دفاتر کی انتظامی کمیٹیوں کے ذریعے سنائے گئے، جن میں سزائیں قید، مالی جرمانے اور ملک بدری شامل تھیں۔
محکمہ پاسپورٹس نے سعودی شہریوں، غیر ملکی مقیمین، کاروباری اداروں اور نجی مالکان کو خبردار کیا ہے کہ وہ ایسے افراد کو نہ ملازمت دیں، نہ پناہ دیں اور نہ ہی کسی بھی طریقے سے مدد فراہم کریں۔ خلاف ورزی میں شامل سرگرمیوں میں رہائش دینا، نقل و حمل یا روزگار مہیا کرنا شامل ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اگر کوئی فرد یا ادارہ قانون شکن افراد کی مدد میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی کی جائے گی، جو سعودی قوانین کے مطابق ہوگی۔
محکمہ نے یہ بھی واضح کیا کہ یہ اقدامات مملکت کی سکیورٹی اور سماجی نظام کے تحفظ کے لیے ناگزیر ہیں اور مستقبل میں اس نوعیت کی کارروائیوں میں مزید شدت لائی جائے گی۔
🌍 تازہ ترین خبریں، اپڈیٹس اور دلچسپ معلومات حاصل کریں!
🔗 اردو دنیا نیوز واٹس ایپ گروپ
https://chat.whatsapp.com/2N8rKbtx47d44XtQH66jso



