
ہندو لڑکی سے شادی کرنے پر مسلم نوجوان سزا کاٹ رہا تھا، سپریم کورٹ نے دی راحت، دیا یہ فیصلہ
سپریم کورٹ کا مسلم نوجوان کو ضمانت، حکومت کو انتباہ: ’دو بالغوں کی محبت میں دخل نہ دو‘
نئی دہلی، ۱۱؍جون (اردو دنیا نیوز/ایجنسیز)سپریم کورٹ آف انڈیا نے بین مذہبی شادی کے معاملے میں ایک اہم فیصلہ سناتے ہوئے اتراکھنڈ حکومت کو زبردست پھٹکار لگائی ہے۔ عدالت نے چھ ماہ سے جیل میں قید مسلم نوجوان امان صدیقی کو ضمانت دیتے ہوئے کہا کہ "ریاستی حکومت کو بالغ افراد کے باہمی رضامندی سے ساتھ رہنے پر کوئی اعتراض نہیں ہونا چاہیے۔”
عدالت عظمیٰ کی جسٹس بی وی ناگرتنا اور جسٹس ستیش چندر شرما کی بنچ نے امان صدیقی کی درخواست ضمانت پر سماعت کرتے ہوئے یہ تبصرہ کیا۔ امان کو اتراکھنڈ فریڈم آف ریلیجن ایکٹ 2018 اور تعزیراتِ ہند 2023 کے تحت مذہبی شناخت چھپانے اور ہندو لڑکی سے دھوکہ دہی سے شادی کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔
سپریم کورٹ نے فیصلے میں کہا:
"ایک تو دونوں بالغ ہیں، اپنے فیصلے خود لے سکتے ہیں، دوسرا یہ کہ ان کی شادی ان کے والدین اور خاندان والوں کی رضا مندی سے ہوئی ہے، لہٰذا ریاستی حکومت کو ان کے ساتھ رہنے پر اعتراض کا کوئی حق نہیں۔”
عدالت نے مزید کہا کہ فوجداری کارروائی ان کے ساتھ رہنے کی راہ میں رکاوٹ نہیں بنے گی۔ وکیل دفاع نے بھی عدالت کو آگاہ کیا کہ شادی ارینج میرج تھی اور دونوں خاندانوں کی موجودگی میں ہوئی تھی۔ تاہم، بعد میں کچھ تنظیموں اور افراد نے اس پر اعتراض کیا، جس کے بعد ایف آئی آر درج کی گئی۔
وکیل نے عدالت کو یہ بھی بتایا کہ امان صدیقی نے شادی کے اگلے ہی دن ایک حلف نامہ جمع کرایا تھا، جس میں اس نے لکھا کہ وہ اپنی اہلیہ پر مذہب تبدیل کرنے کے لیے کوئی دباؤ نہیں ڈالے گا اور دونوں کو اپنے اپنے مذہب پر عمل کرنے کی مکمل آزادی ہوگی۔
عدالت نے ان تمام حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے کہا کہ امان صدیقی تقریباً چھ ماہ سے جیل میں ہے، اور چونکہ فرد جرم داخل ہو چکی ہے، اس لیے مزید حراست غیر ضروری ہے۔ بنچ نے فوراً ضمانت منظور کر لی اور واضح کیا کہ یہ جوڑا اپنے خاندانوں سے الگ ہو کر سکون سے زندگی گزارنے کے لیے آزاد ہے۔
یہ فیصلہ نہ صرف بین مذہبی شادیوں کے سلسلے میں ایک اہم مثال قائم کرتا ہے بلکہ آئینی حقوق اور بالغوں کی خودمختاری پر بھی روشنی ڈالتا ہے۔ا
🌍 تازہ ترین خبریں، اپڈیٹس اور دلچسپ معلومات حاصل کریں!
🔗 اردو دنیا نیوز واٹس ایپ گروپ
https://chat.whatsapp.com/2N8rKbtx47d44XtQH66jso



